حیدرآباد۔ /7 جولائی، ( سیاست نیوز) ریلوے ملازم ظاہر کرتے ہوئے ملازمت کا جھانسہ دینے والے ایک شاطر کو ریلوے پولیس سکندرآباد نے گرفتار کرلیا۔ سب انسپکٹر ایم اے مجید کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے 39 سالہ سورج کمار رام ساکن جمشید پور کو گرفتار کرلیا۔ سورج کمار خود کو ریلوے ملازم ظاہر کرتا تھا اور ریلوے پلاٹ فارم پر مسافرین کا جائزہ لیا کرتا تھا اور جو مسافرین اس کی سمجھ میں آتے انہیں وہ اپنی جعلسازی کا شکار بناتا تھا۔ 16 جون کو پلاٹ فارم پر منتظر شروتی نامی لڑکی جو موسیٰ پیٹ علاقہ کی ساکن ہے سے بات چیت کرتے ہوئے خود کو پائیلٹ ظاہر کیا اور اپنی باتوں کا شکار بناکر اسے لنچ پر لے گیا اور اس کے قبضہ سے 6 تولہ سونا اور 18 ہزار روپئے نقد رقم کا سرقہ کرلیا۔ پولیس نے اس کی گرفتاری کے بعد اس کے قبضہ سے 6 تولہ سونا اور 5ہزار روپئے نقد رقم کو ضبط کرلیا۔
