ریلوے ٹریک کے نزدیک دھماکہ ہونے سے ریلوے ٹریفک میں رکاوٹ

   

Ferty9 Clinic

بیتول،24اپریل(سیاست ڈاٹ کام)مدھیہ پردیش کے ضلع بیتول کے پاڈھرنا ریلوے اسٹیشن کے نزدیک ایک تعمیراتی کمپنی کے ذریعہ کئے گئے دھماکے کی وجہ سے کچھ دیر کے لئے ریلوے ٹریفک میں رکاوٹ ہوگئی۔حالانکہ بعد میں ٹریک درست کرنے کے ساتھ ہی ریلوے ٹریفک بحال کردیاگیا۔اس کی وجہ سے کچھ ٹرینیں متاثر ہوئی ہیں۔ریلوے ذرائع کے مطابق کل شام ہوئے اس حادثے کے بعد بند ہوئے ریلوے ٹریک کی وجہ سے کئی ایکسپریس گاڑیوں کودوسرے اسٹیشنوں پر روک کر رکھا گیا ہے ۔بتایا گیا ہے کہ چچنڈا ریلوے اسٹیشن سے آگے گھڈن کھاپا گھاٹ کٹنگ کے پاس تیسری ریلوے لائن کاتعمیراتی کام چل رہا تھا جس کے دوران گھاٹ کاٹنے کے لئے تعمیراتی کمپنی نے ایک دھماکہ کیا جس میں بڑے بڑے پتھر ڈاؤن ٹریک پر آگرے ،یہی نہیں وہاں کام میں لگی جے سی بی مشین بھی ریلوے لائن پر گرگئی تھی۔اس کی وجہ سے ٹریک اور او ایچ ای کیبل کو نقصان ہوا ہے ۔بتایا جارہا ہے کہ اس حادثے کی وجہ سے سمپرک کرانتی ،گنگا کاویری اور ناگپور پسنجر کو اگلے اسٹیشنوں پر روک کر رکھا گیا تھا۔حالانکہ بعد میں ٹریک کو ٹھیک کرنے کے ساتھ ہی ریلوے ٹریفک بحال کردیا گیا۔وسطی ریلوے کے رابطہ عامہ کے افسر انل والدے نے بتایا کہ ٹریک پر کام چل رہا ہے ،جس کے لئے بلاک لیا گیا ہے ،جو جلد ہی کلیئرکرلیاگیا۔