ریلوے اور محکمہ مال کے عہدیداروں کے ساتھ ریاستی وزیر فینانس ہریش راؤ کا اجلاس
حیدرآباد :۔ وزیر فینانس تلنگانہ ٹی ہریش راؤ نے ضلع سدی پیٹ میں ریلوے لائنوں کے کاموں میں تیزی پیدا کرنے کی ریلوے اور محکمہ مال کے عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ وہ سدی پیٹ کلکٹریٹ میں منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین ، پولیس کمشنر جوئیل ڈیوس ، ایڈیشنل کلکٹر پدماکر ساوتھ سنٹرل ریلوے کے ڈپٹی چیف انجینئر سدھرما رائیڈو کے علاوہ ریلوے و محکمہ مال کے دوسرے عہدیدار موجود تھے ۔ ہریش راؤ نے ریلوے کاموں سے متعلق ریاستی حکومت کے زیر التواء امور کا جائزہ لیا ۔ حیدرآباد سے ضلع سدی پیٹ تک حصول اراضیات کا کام تقریبا مکمل ہوگیا ہے ۔ جہاں بھی کام رکا ہوا ہے اس کو جلد از جلد مکمل کرلینے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ ساتھ ہی ریلوے عہدیداروں کو محکمہ مال کے عہدیداروں سے تال میل کرتے ہوئے حصول اراضی معاملہ میں کہیں کوئی مسائل ہیں تو وہ فوری حل کرلینے پر زور دیا ۔ ساتھ ہی ہریش راؤ نے تمام محکمہ جات کو ہدایت دی کہ اگر ریلوے کے کاموں کی کوئی تجاویز زیر التواء ہیں تو اس کو فوری حل کریں اگر کہیں تاخیر ہورہی ہے تو ان کے علم میں لائیں وہ اس کی یکسوئی میں تعاون کریں گے ۔ وزیر فینانس نے کہا کہ ضلع سدی پیٹ میں گجویل اور سدی پیٹ اسمبلی حلقوں سے گذرنے والی ریل لائن تا حال گجویل اسمبلی حلقہ کے حدود میں مکمل ہوچکی ہے ۔ دودیڈا سے سدی پیٹ اسمبلی حلقہ کے حدود میں کئے جانے والے کاموں پر خصوصی توجہ دینے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ قدیم الاٹمنٹ کے بجائے جدید الاٹمنٹ کے طرز پر کام کرنے اور عوام کی سہولتوں اور ضرورتوں کو ترجیح دینے کا مشورہ دیا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کاموں کی پیشرفت پر تلنگانہ حکومت مزید فنڈز جاری کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے ۔ محکمہ ریلوے بھی کاموں میں تیزی پیدا کرتے ہوئے جلد از جلد ضلع سدی پیٹ کے عوام کو ریل کی سہولت فراہم کریں ۔ اس موقع پر ریلوے عہدیداروں نے سدی پیٹ ریلوے اسٹیشن سے متعلق دو نمونے پیش کئے ۔۔