ریلوے کانسٹبل نے خاتون مسافر کو ٹرین تلے کچلے جانے سے بچالیا

   

حیدرآباد ۔ 21 ۔ دسمبر : ( پی ٹی آئی ) : سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر تعینات ریلوے پولیس کے ایک چوکس و حاضر دماغ کانسٹبل نے ایک خوش قسمت خاتون مسافر کو ٹرین تلے کچلے جانے سے بچالیا ۔ یہ خاتون پلیٹ فارم اور پٹریوں کے درمیانی جگہ سے پھسل کر گر پڑی تھی ۔ ریلوے پروٹیکشن فورس ( آر پی ایف ) کے ہیڈ کانسٹبل شفیع الدین نے محسوس کیا کہ ایک عورت ٹرین اور پلیٹ فارم کے درمیان تنگ جگہ سے پھسل کر پٹریوں پر گر پڑی ہے اور انہوں نے خاتون مسافر کو کھینچ کر باہر نکال لیا۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے کے ایک اعلامیہ کے مطابق ان (شفیع الدین ) کی پھرتی و چوکسی نے خاتون مسافر کو ٹرین کے نیچے کچلے جانے سے بچا لیا گیا ۔ ریلوے عہدیداروں نے ان کی ستائش کی ہے ۔ یہ واقعہ 18 دسمبر کو پیش آیا تھا جب یہ خاتون مسافر S12 کوچ میں سوار ہونے کی کوشش کررہی تھی۔ ریلوے حکام نے مسافرین پر زور دیا ہے کہ وہ ٹرین میں سوار ہونے اور اترنے کے وقت چوکسی اختیار کریں ۔۔