نئی دہلی : انڈین ریلوے کیٹرنگ اینڈ ٹورازم کارپوریشن (آئی آر سی ٹی سی) نے رواں مالی سال میں 25 اگست تک مختلف ٹرینوں اور ریلوے اداروں میں کھانے کے ناقص معیار کی شکایات پر اب تک ایک ہزار سے زیادہ شکایات موصول ہونے پر تقریباً 2.75روپے کا جرمانہ لگایا ہے ۔آئی آر سی ٹی سی1250 سے زیادہ ٹرینوں اور ریلوے اسٹیشنوں پر 500سے زیادہ اداروں میں کیٹرنگ کی خدمات فراہم کرتا ہے ۔ ہندوستان بھر میں روزانہ اوسطاً 16 لاکھ پلیٹ کھانا پیش کیا جاتا ہے ۔ذرائع کے مطابق مسافروں کی خدمات کو بہتر بنانے کے لئے ’ریل ہیلپ‘ کے ذریعے تجاویز کی مسلسل حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے ۔ ریل ہیلپ پر مسافروں کی طرف سے دی گئی تجاویز میں سوالات، مدد کی ضروریات اور شکایات شامل ہیں۔ ہر تجویز کا تجزیہ کیا جاتا ہے اور معاملے کی شدت کے مطابق اصلاحی اور تعزیری کارروائی کی جاتی ہے۔ذرائع کے مطابق، تمام پریمیم ٹرینوں میں آئی آر سی ٹی سی افسران کی سفر کے آغاز سے اختتام تک موجودگی کویقینی بنایا گیا ہے تاکہ سوالات ؍ امدادی ضروریات؍ شکایات کا اُسی وقت حل ممکن بنایا جا سکے ۔ اس کے علاوہ
حال ہی میں ٹرینوں میں کیٹرنگ خدمات کو بہتر بنانے کے لئے کچھ اضافی اقدامات کئے گئے ہیں۔آئی آر سی ٹی سی نے وزارت ریلوے کی پالیسی رہنما خطوط کے مطابق 15 اگست 2024 تک 100سے زیادہ ٹرین کلسٹروں کے لئے کیٹرنگ خدمات کی تفویض کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی ہے اور 150 سے زیادہ بیس کچن قائم کیے ہیں۔ جدید ترین آلات سے لیس یہ بیس کچن ٹرینوں میں معیاری کیٹرنگ خدمات کو یقینی بنا رہے ہیں۔