ریلوے کا رعایتی راؤنڈ ٹرپ پیکج اسکیم کا اعلان

   

20فیصد رعایت‘14اگست سے بکنگ کا آغاز
نئی دہلی 09 اگست (یواین آئی) انڈین ریلوے نے تہوار کے موسم میں ہجوم پر قابو پانے اور مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے رعایتی راؤنڈ ٹرپ پیکج اسکیم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے ، جس کے تحت مسافروں کو 20 فیصد کی رعایت ملے گی۔ اس اسکیم کا مقصد تہواروں کے دوران رش کو کنٹرول کرنا، بکنگ کے عمل کو آسان بنانا اور ٹرینوں کے موثر آپریشن کو یقینی بنانا ہے ۔ مسافر باہر جانے والے اور واپسی کے سفر کو ایک ساتھ بک کر کے اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے ۔ دونوں سفروں کیلئے مسافر کی تفصیلات، سفری کلاس اور اصل اور منزل ایک ہی ہونی چاہیے ۔ اس اسکیم کے تحت بکنگ 14 اگست سے شروع ہوگی اور سفر 13 اکتوبر سے 26 اکتوبر کے درمیان کیا جاسکتا ہے جبکہ واپسی 17 نومبر سے یکم دسمبر کے درمیان ہوگی۔ واپسی کے سفر کیلئے ایڈوانس ریزرویشن پیریڈ (اے آر پی) لاگو نہیں ہوگا۔مسافروں کے لیے واپسی کے سفر کے بنیادی کرایے پر 20 فیصد کی رعایت پر غور کیا جائے گا جس کا اطلاق صرف تصدیق شدہ ٹکٹوں پر ہوگا۔ بکنگ آن لائن (آئی آر سی ٹی سی ویب سائٹ یا ایپ) یا ریلوے ریزرویشن کاؤنٹرز کے ذریعے کی جا سکتی ہے لیکن دونوں سفروں کے لیے بکنگ کا طریقہ ایک جیسا ہونا چاہیے ۔ اس اسکیم کے تحت بک کرائے گئے ٹکٹوں پر کرایہ کی واپسی یا ترمیم کی سہولت دستیاب نہیں ہوگی۔