ریلوے کراسنگ کو محفوظ بنانے پر توجہ ، ساوتھ سنٹرل ریلوے

   

بریجس اور آر او بیز کی تعمیر ، کراسنگ کو خلل سے پاک بنانے کے اقدامات
حیدرآباد۔ ساؤتھ سنٹر ریلوے کی جانب سے ریلوے کراسنگس کو محفوظ بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور 81 ریلوے کراسنگس کی نشاندہی کرنے کے بعد اب تک 7ریلوے کراسنگس کو ہٹا دیا گیا ہے۔ ساؤتھ سنٹر ل ریلوے کی جانب سے کراسنگ کو محفوظ بنانے کیلئے روڈ اوور بریجس یا روڈ انڈربریجس کی تعمیر عمل میں لائی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ لمیٹڈ ہائیٹ سب ویز کی تعمیرکے بھی اقدامات کئے جانے لگے ہیں۔ مرکزی وزارت ریلوے کی جانب سے بجٹ 2020-21میں ریلوے کراسنگ کو محفوظ بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات میں ان بریجس اور سب وے کی تعمیر کے اقدامات کے منصوبہ کا اعلان کیا گیا تھا اور اس پر عمل آوری کے ذریعہ ریل کراسنگ پر ہونے والے حادثات کو روکنے کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں۔ مسٹر گجانن ملیا جنرل منیجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے بتایا کہ شہریوں بالخصوص گاڑیوں میں سوار افراد کو ریلوے کراسنگ پر چوکنا رہنے کی ضرورت ہے اور اس کے علاوہ موٹر سیکل رانوں کو ریلوے کراسنگ کے دوران عجلت کے مظاہرہ سے بچنا چاہئے کیونکہ بیشتر حادثات عجلت کے سبب ہوتے ہیں لیکن اس کے باوجود ساتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے کراسنگ کو خلل سے پاک اور محفوظ بنانے کے اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔