ریلوے کراسنگ گیٹس پر سیفٹی اور سیکوریٹی انتظامات میں اضافہ کا فیصلہ

   

حیدرآباد۔/14 جون، ( سیاست نیوز) ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے اپنے زون کے تحت تمام لیول کراسنگ گیٹس پر سیفٹی اور سیکوریٹی انتظامات پر توجہ مرکوز کی ہے۔ لیول کراسنگ کے بارے میں عوام میں شعور بیداری میں اضافہ کیا جائے گا۔ حکام نے مرحلہ وار انداز میں لیول کراسنگ گیٹس کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں کام تیزی سے جاری ہے۔ مالیاتی سال 2022-23 کے دوران 80 لیول کراسنگ گیٹس کو روڈ انڈر برج، روڈ اووربرج اور لمیٹیڈ ہائیٹ سب وے کی تعمیر کے ذریعہ تبدیل کیا گیا۔ جنرل منیجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے ارون کمار جین کے مطابق 7 لیول کراسنگ کو جاریہ سال ختم کیا گیا ہے اور مالیاتی سال کے اختتام تک مزید لیول کراسنگ تبدیل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لیول کراسنگ پر حفاظتی اور سیفٹی اقدامات کیلئے سائن بورڈز لگائے جائیں گے جس پر عوام کیلئے ہدایات درج ہوں گی۔ ٹرین کے گذرنے کے موقع پر کراسنگ گیٹس کو بند کیا جاتا ہے ایسے موقع پر عوام احتیاطی تدابیر اور ہدایات کا مطالعہ کرسکتے ہیں۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے ریلوے کراسنگ گیٹس کے پاس حادثات کی روک تھام میں عوام کے تعاون پر اظہار تشکرکیا۔ ارون کمار جین نے کہا کہ عوام اور گاڑیوں کے ڈرائیورس کو ریلوے لیول کراسنگ کی ہدایات پر عمل کرنا چاہیئے۔ احتیاطی تدابیر کے ذریعہ حادثات سے بچاؤ ممکن ہے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ جاریہ مالیاتی سال لیول کراسنگس کی تعداد کم کرنے کے اقدامات کریں۔ر