ریل حادثات: خاتون کے بشمول 4 افراد ہلاک

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔یکم؍ اگسٹ، ( سیاست نیوز) ٹرین حادثات کے نتیجہ میں چار افراد بشمول ایک خاتون ہلاک ہوگئے۔ ریلوے پولیس سکندرآباد کے مطابق 40 سالہ ستیہ نارائنا متوطن مشرقی گوداوری چند دن قبل علاج کیلئے شہر آیا تھا اور کل بلارم بازار سکندرآباد میں ٹرین کی پٹریاں عبور کررہا تھا کہ ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ اسی طرح 60 سالہ ایس راجو ساکن موسیٰ پیٹ جو پیشہ سے مزدور تھا بورا بنڈہ اور ہائی ٹیک سٹی کے درمیان ریلوے پٹریاں عبور کرنے کی کوشش میں تھا کہ ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ ریلوے پولیس نامپلی نے کیس درج کرلیا ہے۔ ایک اور واقعہ میں آندھرا پردیش کے ضلع اننت پور سے تعلق رکھنے والا 43 سالہ ستیہ نارائنا جو شخصی وجوہات کے نتیجہ میں پریشان تھا اس نے بدویل ریلوے اسٹیشن پر ٹرین کے آگے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی۔ ریلوے پولیس کاچی گوڑہ نے ایک مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ ایک اور واقعہ ریلوے پولیس نامپلی کے حدود میں پیش آیا جس میں 27 سالہ ٹی رانی نے بھرت نگر ریلوے پٹریوں پر چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی۔