ریل روکنے کی وارننگ کے بعد ریلوے حکام الرٹ

   

بھرت پور: دہلی۔ممبئی روٹ پر راجستھان میں بھرت پور کے بیانا میں ریلوے انڈر پاس کی مانگ پر دھرنا دے رہے مظاہرین کی ریل روکنے کی وارننگ کے بعد ریلوے کے حکام الرٹ موڈ پر ہیں۔ موصولہ اطلاع کے مطابق قصبہ کے نگلا شیشوں گاوں اور بیانا قصبہ کے درمیان صرف پچاس قدم کی دوری ہے۔ گاوں سے قصبہ میں آنے والے گاوں والوں کو ریلوے لائن پار کرنی پڑتی ہے جس کی وجہ سے کئی گاوں والے اپنی جان گنوا چکے ہیں۔ ریلوے انڈر پاس یا اوور برج بنوانے کے لئے گاوں والے پہلے بھی تحریک چلا چکے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ سال 2013میں ہوئی تحریک میں حکومت نے انڈر پاس بنانے کیلئے پانچ کروڑ روپے کی قیمت سے انڈر پاس بنوانے کا اعلان بھی کیا تھا لیکن آٹھ سال گزر جانے کے بعد بھی حالت جوں کی توں ہے ۔ گاوں والوں کا کہنا ہے کہ انڈر پاس نہیں ہونے کی وجہ سے ٹرین حادثات میں اب تک 80لوگ اپنی جان گنوا چکے ہیں۔