حیدرآباد ۔ 6 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ریل کی دستیاب نشست کو آخری وقت میں بھی معلوم کرنا اب ممکن ہوگیا ہے کیوں کہ ریلوے نے اب ایک نئی سہولت متعارف کردی ہے جس کے ذریعہ ریل کے منزل مقصود کی سمت نکلنے سے عین قبل اس میں دستیاب خالی نشستوں کی تفصیلات ویب سائٹ پر فراہم کردی جائیں گی ۔ اس سہولت کے بعد اب مسافرین کو آخری وقت ، نشست کی دستیابی کے لیے ٹی ٹی کے رحم و کرم پر رہنے کی ضرورت نہیں ہوگی ۔ بلکہ ’آئی آر سی ٹی سی ‘ ویب سائٹ پر تفصیلات دستیاب ہوں گی ۔ ریلوے سے دستیاب تفصیلات کے بموجب ریزرویشن چارٹ کے تیار ہوجانے کے بعد ریل میں دستیاب خالی نشستوں کی تفصیلات بھی ویب سائیٹ پر فراہم کردی جائیں گی اور یہ تفصیلات ریل کے اسٹیشن سے روانگی سے 4 گھنٹے قبل جو پہلا ریزرویشن چارٹ تیار ہوتا ہے اس کے ساتھ خالی نشستوں کی تفصیلات بھی ظاہر کردی جائیں گی ۔ اس کے بعد ریل کے نکلنے سے 30 منٹ قبل بھی جب دوسرا ریزرویشن چارٹ تیار ہوگا تب بھی خالی سیٹوں کی تفصیلات کو ویب سائٹ پر فراہم کردیا جائے گا ۔ اس سہولت کو متعارف کرنے کے درپردہ اصل مقصد ٹکٹوں کی دستیابی کے نظام کو شفاف بنانا ہے تاکہ درمیانی آدمی کے فریب سے مسافرین کو بچایا جاسکے ۔۔