ورکرس جالنہ سے مدھیہ پردیش جارہے تھے ، اورنگ آباد کے قریب عملاً خودکشی ،حکومتی معاوضہ کا اعلان
ممبئی/ اورنگ آباد : 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اورنگ آباد سے قریب مال گاڑی کی زد میں آ کر 17 مزدور ہلاک ہو گئے ۔ یہ حادثہ اورنگ آباد تعلقہ کے سٹانہ مضافات میں ہوا۔ اس دردناک ریلوے حادثے میں 17 مزدور اس وقت ہلاک ہو گئے جب ایک مال گاڑی انھیں کچلتے ہوئے گزر گئی ۔ وہ شائد تھک کر پٹری پر سوگئے تھے لیکن یہ مایوسی کا نتیجہ اور عملاً خودکشی والا معاملہ بھی ہوسکتا ہے ۔ یہ تمام تارکین وطن مزدور اپنے وطن کے لیے جالنہ سے بھوساول (مدھیہ پردیش) جا رہے تھے جو جالنہ سے 157 کلو میٹر دوری پر واقع ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ہلاک ہونے والے مزدور مدھیہ پردیش سے واپس آ رہے تھے کہ طویل سفر کے باعث رات کو آرام کی غرض سے خالی ریلوے ٹریک پر سو گئے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ صبح سوا 5 بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب مال گاڑی ٹریک پر سوئے ہوئے مزدوروں کو کچلتی ہوئی گئی اور تمام مزدور ہلاک ہو گئے ۔ مال گاڑی کے ڈرائیور نے بریک لگا کر ٹرین کو روکنے کی کوشش کی لیکن گاڑی مزدوروں کو کچلتے ہوئے آگے نکل گئی۔ مہاراشٹرا حکومت نے آج اورنگ آباد کے قریب مال گاڑی ٹرین سے ہلاک ہونے والے تمام تارکین وطن کے لواحقین کو پانچ لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا۔اس واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جس میں 17 تارکین وطن ہلاک ہو گئے ، وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ اس حادثے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم مرکز سے مستقل رابطے میں ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ ٹرینیں چلانے کے انتظامات کریں تاکہ مہاجرین کو اپنے گھروں کو لوٹ سکیں۔ میں ان سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ امیدیں ترک نہ کریں۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ متاثرہ افراد جالنہ میں ایک اسٹیل کمپنی میں کام کر رہے تھے اور پڑوسی ریاست مدھیہ پردیش میں اپنے گھروں تک ریلوے لائنوں کے ساتھ آگے بڑھ رہے تھے ۔رات کے وقت وہ ریلوے پٹریوں پر سوتے تھے لیکن آج صبح سویرے ایک مال گاڑی ان کے اوپر گز گئی جس سے 17 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔ٹھاکرے نے کہا کہ پچھلے 4-5 دنوں میں تقریبا ایک لاکھ تارکین وطن بحفاظت گھر پہنچ چکے ہیں اور دیگر پھنسے ہوئے مزدوروں کو ان کی ریاستوں میں بھیجنے کے لئے ممبئی سمیت مزید ٹرینوں کا انتظام کیا جارہا ہے ۔
اورنگ آباد حادثہ، صدر، نائب صدر، وزیراعظم کا اظہار افسوس
اورنگ آباد/نئی دہلی، 8مئی (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹر میں جمعہ کی صبح سویرے ایک دردناک حادثہ میں اورنگ آباد کے نزدیک بدناپور۔کرماڈ ریلوے سیکشن میں مال گاڑی سے کٹ کر 16مزدوروں کی موت ہوگئی۔ مہاراشٹر اور مدھیہ پردیش کی حکومت نے حادثہ میں مرنے والے لوگوں کے لواحقین کو پانچ پانچ لاکھ روپے کا معاوضہ دیئے جانے کا اعلان کیا ہے ۔ صدر رامناتھ کووند، نائب صدر ونکیا نائیڈو، وزیراعظم نریندر مودی، ریلوے کے وزیر پیوش گوئل، بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر جے پی نڈا، کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی، مہاراشٹر کے وزیراعلی ادھو ٹھاکرے ، مدھیہ پردیش کے وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان، دہلی کے وزیراعلی اوندکیجریوال اور مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتا بنرجی او ر دیگر نے اس دلخراش حادثہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔
اورنگ آباد ریل حادثے میں مزدوروں کی موت افسوسناک : راہول
نئی دہلی، 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے مہاراشٹر میں مال گاڑی کی زد میں آنے سے 16 مزدوروں کی موت پر گہرا غم کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کے جلد صحت مند ہونے کی دعا کی ہے ۔راہول گاندھی نے ٹوئیٹ کیا‘‘مال گاڑی سے کچلے جانے والے مزدور بھائی بہنوں کی ہلاکت کی خبر سے حیران ہوں۔ہمیں اپنے ملک بنانے والوں کے ساتھ کئے جارہے سلوک پر شرم آنی چاہئے ۔ ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے تیئں تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحت مند ہونے کی دعا کرتا ہوں’’۔