ریمیڈی سیور انجکشن کے حصول کے لیے ہجوم اُمڈ پڑا

   

کوکٹ پلی ہیترو ڈرگ آوٹ لیٹ پر پولیس کا وسیع انتظام
حیدرآباد۔ حکومت تلنگا نہ کی جانب سے ریمیڈی سیور انجکشن کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے کئے گئے اقدامات کے تحت کوکٹ پلی ‘ موسیٰ پیٹ پر واقع ہیترو ڈرگس آؤٹ لیٹ پر طویل قطار اور کافی وقت تک آؤٹ لیٹ کو نہ کھولے جانے کے سبب انجکشن کے حصول کیلئے پہنچنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور جیسے ہی آؤٹ لیٹ کو کھولا گیا قطار میں موجود ہجوم آؤٹ لیٹ میں داخل ہوگیا جس کے سبب پولیس کو بزور طاقت انہیں پیچھے کرنا پڑا۔ ہیترو ڈرگس کے آؤٹ لیٹ پر ریمیڈی سیور انجکشن کی موجودگی اور صبح سے فروخت کے اعلان کے ساتھ ہی ہزاروں کی تعداد میں ضرورت مندوں کی قطار موسیٰ پیٹ آؤٹ لیٹ پر لگائی جانے لگی اور صبح کی اولین ساعتوں سے ہی قطار کے سبب محکمہ پولیس کی جانب سے وسیع انتظامات کئے گئے تھے لیکن اس کے باوجود 11 بجے جب کمپنی کے آؤٹ لیٹ کو کھولا گیا تو صورتحال بگڑ گئی اور محکمہ پولیس نے قطار میں نہ رہنے اور سماجی فاصلہ برقرار نہ رکھے جانے کی صورت میں آؤٹ لیٹ کو بند کروادینے کا انتباہ دیا جس کے نتیجہ میں دوبارہ صورتحال معمول پر آئی اور ضرورت مندوں نے قطار میں کھڑے ہوتے ہوئے ریمیڈی سیور کے حصول میں کامیابی حاصل کی۔ ریاستی حکومت اور محکمہ صحت کے علاوہ مرکزی حکومت کی جانب سے ریمیڈی سیور کی فراہمی اور سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے کئے جانے والے اقدامات میں شہر حیدرآباد میں یہ بڑی کامیابی نظر آئی جہاں ہزاروں کی تعداد میں ضرورت مندوں کو ریمیڈی سیور انجکشن حاصل ہوا ۔ ریاست تلنگانہ کے علاوہ ملک کی کئی ریاستوں میں ریمیڈی سیور کی قلت نے شہریوں اور مریضوں کے رشتہ داروں کے علاوہ ڈاکٹرس میں بھی خوف و دہشت پیدا کرنی شروع کردی تھی لیکن آج ریمیڈی سیور کی ہیترو کے آؤٹ لیٹ سے فروخت کے بعد بڑی راحت دیکھی جانے لگی ہے ۔ ہیترو کے ذمہ داروں نے بتایا کہ آؤٹ لیٹ پر صرف ان لوگوں کو انجکشن فروخت کئے گئے ہیں جن کے پاس ڈاکٹرس کی تجویز کردہ تحریر کے علاوہ آدھار کارڈ اور آرٹی پی سی آر کی پازیٹیو رپورٹ موجودتھی ۔ قطار میں کھڑے شہریوں نے انجکشن کے حصول میں ہونے والی تکالیف کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ بیشتر مریض جو کہ گھریلو قرنطینہ میں اپنا علاج کروا رہے ہیں انہیں ڈاکٹرس ادویات اور معائنوں کی تجویز بھی آن لائن کر رہے ہیں اور انہیں ہیترو کے آؤٹ لیٹ پر ڈاکٹر کی تجویز کردہ تحریر نہ ہونے کے سبب مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ محکمہ پولیس کے عہدیداروں نے بتایا کہ آؤٹ لیٹ پر ہجوم کو قابو میں رکھنے کیلئے پولیس کو متعین کیا گیا ہے اور اس کے علاوہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے رہنمایانہ خطوط پر عمل آوری بھی سختی کے ساتھ کروائی جارہی ہے جس کے سبب قطار میں ایک بھی شخص ماسک کے بغیر موجود نہیں تھا۔