ہاسپٹل میں خاتون کی آواز پر چیف منسٹر رک گئے اور سماعت کی
حیدرآباد ۔11۔ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کی عوامی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے ۔ چیف منسٹر کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد انہوں نے پرجا دربار منعقد کرتے ہوئے عوامی مسائل کی سماعت کی جس کے نتیجہ میں وہ ایک عوامی چیف منسٹر کے طور پر مقبول ہوچکے ہیں۔ چیف منسٹر کا ایک تازہ ویڈیو سوشیل میڈیا میں تیزی سے وائرل ہوا ہے جس میں یشودھا ہاسپٹل میں ایک خاتون نے انہیں دور سے ’’ریونت انا ‘‘ سے مخاطب ہوتے ہوئے روک دیا۔ ریونت ریڈی کل سابق چیف منسٹر کے سی آر کی عیادت کیلئے یشودھا ہاسپٹل پہنچے تھے۔ وہ وہاں سے واپس ہورہے تھے کہ دور کھڑی ایک خاتون نے ’’ریونت انا مجھے آپ سے بات کرنی ہے‘‘ کہتے ہوئے انہیں روک دیا۔ ریونت ریڈی فوری اس خاتون کے پاس پہنچے اور ان کے مسائل کی سماعت کی۔ انہوں نے خاتون کو وہیں رکنے کیلئے کہا اور خود قریب پہنچے۔ خاتون نے بتایا کہ ان کی لڑکی ہاسپٹل میں زیر علاج ہے اور علاج کیلئے کافی رقم خرچ ہورہی ہے۔ خاتون نے حکومت کی جانب سے امداد کی اپیل کی۔ چیف منسٹر نے عہدیداروںکو ہدایت دی کہ اس خاتون کی ضروری مدد کی جائے۔ سوشیل میڈیا میں یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہوا جس میں چیف منسٹر کو خاتون سے بات کرتے ہوئے دکھایا گیا۔