سٹی سیول کورٹ کے احکامات، ہتک عزت کی درخواست قبول،20 اکتوبر کو سماعت
حیدرآباد۔ 21 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) سٹی سیول کورٹ نے تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اے ریونت ریڈی کو ہدایت دی کہ وہ ٹالی ووڈ ڈرگس کیس سے متعلق ای ڈی کی پوچھ تاچھ کے تعلق سے ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کے خلاف کوئی ریما رکس نہ کریں۔ عدالت نے انہیں نوٹس بھی جاری کی ۔ کے ٹی آر نے ان کے خلاف جھوٹے بے بنیاد الزامات عائد کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے سٹی سیول کورٹ میں ایک کروڑ روپئے کا ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا جس کے پیش نظر عدالت نے آج انجکشن آرڈر جاری کیا ۔ اس کی سماعت 20 اکتوبر کو ہوگی۔ واضح رہے کہ تلنگانہ پردیش کانگریس کے صدر اے ریونت ریڈی نے منشیات کے کیس سے کے ٹی آر کا تعلق ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے انہیں منشیات کا ٹسٹ کرانے کا وائیٹ چیلنج کیا تھا ۔ اس چیلنج پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے کہا تھا کہ وہ چیرلہ پلی جیل جانے والے شخص کے ساتھ منشیات کا ٹسٹ کراتے ہوئے اپنی اہمیت کو نہیں گھٹائیں گے ۔ اگر راہول گاندھی منشیات کا ٹسٹ کراتے ہیں تو وہ بھی اپنا ٹسٹ کرائیں گے۔ اسی لفظی جنگ کے دوران کے ٹی آر نے ریونت ریڈی کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کردیا ۔ N