ریونت ریڈی ، تلنگانہ کے لٹیرے ہیں : ہریش راؤ

   

چیف منسٹر نے بین الاقوامی سطح پر ریاست کی بدنامی کروائی ، عالمی سمٹ ناکام
سدی پیٹ۔ 11 ڈسمبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کیور، پیور، رئیر جیسے دعوے کرتے ہوئے بڑھا چڑھا کر باتیں کر رہے ہیں اور تلنگانہ کے سرمایہ کو لوٹنے والے چور ہیں۔یہ الزام سابق وزیر ہریش راؤ نے لگایا۔انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر سرمایہ کاری کے نام پر گھڑی ہوئی اور جھوٹی باتیں بیان کر رہے ہیں۔ہریش راؤ کے مطابق خوبصورتی کے مقابلوں اور مصنوعی ذہانت کی کانفرنس کی طرح بے شمار رقوم خرچ کرکے مرتب کیا گیا عالمی اجتماع مکمل ناکام ثابت ہوا۔انہوں نے کہا کہ ان سمجھوتوں کے پیچھے مشکوک سازباز اور گمراہ کن اعداد کے سوا عوام کے لیے کوئی فائدہ نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سینکڑوں لوگوں کے لیے بھی روزگار پیدا ہونے کا امکان نظر نہیں آتا۔ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس حکومت نے عالمی اجتماع منعقد نہیں کیا بلکہ اراضی کی فروخت کے لیے ایک جائیداد نمائش کا اہتمام کیا۔انہوں نے کہا کہ فیوچر سٹی کے مرکز پر ریونت حکومت نے بین الاقوامی سطح پر تلنگانہ کی بدنامی کرائی۔