ریونت ریڈی اور ساتھیوں کے فون ٹیاپنگ کی شکایت

   

پولیس کی جانب سے کارکنوں کا تعاقب
کانگریس کی الیکشن کمیشن سے نمائندگی
حیدرآباد ۔ 8۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار سے شکایت کی ہے کہ حکومت ملکاجگیری کے کانگریس امیدوار اے ریونت ریڈی اور ان کے افراد خاندان کے فون ٹیاپ کر رہی ہے۔ پردیش کانگریس الیکشن کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی کے کنوینر جی نرنجن نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رجت کمار کو روانہ کردہ مکتوب جاری کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کے دباؤ میں سرکاری ادارے دستور کی دفعہ 21 کی خلاف ورزی کر رہے ہیں اور سیاسی حریفوں کے نجی معاملات میں مداخلت کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کانگریس امیدوار اور ان کے رشتہ دار اور حامیوں کے فون ٹیاپنگ اور ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کا الزام عائد کیا تاکہ انہیں ہراساں کرتے ہوئے انتخابی مہم سے روکا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ فون ٹیاپنگ کے ذریعہ ریونت ریڈی اور ان کے قریبی افراد کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جارہی ہے جو کہ غیر دستوری ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے مداخلت کرتے ہوئے حکومت کے اشارہ پر کام کرنے والی سیکوریٹی ایجنسیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ نرنجن نے کہا کہ ای وی ایم مشینوں پر عوام اور سیاسی جماعتوں کو کئی شبہات پائے جاتے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ آزادانہ و منصفانہ رائے دہی کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ ای وی ایم مشینوں کی پولنگ بوتھ منتقلی اور پھر رائے دہی کے بعد اسٹرانگ روم منتقل کرنے تک الیکشن کمیشن کو سخت نگرانی رکھنی چاہئے۔