تلنگانہ نوجوان انجینئر سے محروم ، خاندان کی ممکنہ مدد کا تیقن ، کانگریس کا اظہار رنج و ملال
حیدرآباد :۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی اور سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے سری سیلم پاور پراجکٹ حادثہ میں فوت ہونے والے اسسٹنٹ انجینئر عظمیٰ فاطمہ اور ڈپٹی انجینئر سرینواس گوڑ کے پسماندگان سے ملاقات کرتے ہوئے پرسہ دیا ۔ اعظم پورہ میں عظمیٰ فاطمہ کے والد سے ملاقات کے موقعہ پر قیام گاہ میں غم کا ماحول تھا ۔ اطراف کے مکین بھی اس خاندان سے اظہار ہمدردی کررہے تھے ۔ ریونت ریڈی اور محمد علی شبیر نے کہا کہ ایک نوجوان انجینئر سے تلنگانہ ریاست محروم ہوچکی ہے ۔ عظمیٰ فاطمہ کا مستقبل تابناک تھا ۔ کانگریس پارٹی غم کی اس گھڑی میں خاندان کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے خاندان کی ہر ممکن مدد کے لیے مساعی کا تیقن دیا ۔ عظمیٰ کے والد نے کانگریس قائدین سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاور پراجکٹ میں اس کے واقعہ کو مستقبل میں روکنے کے لیے احتیاطی قدم اٹھائے جائیں تاکہ انجینئرس اور اسٹاف کا تحفظ ہو ۔ کانگریس قائدین نے سرینواس گوڑ کی قیام گاہ پہونچکر ارکان خاندان سے ملاقات کی ۔ ریونت ریڈی اور محمد علی شبیر نے دونوں خاندانوں کو فی کس ایک کروڑ روپئے امداد اور 500 گز اراضی فراہم کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔ انہوں نے حادثہ کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔ اس موقع پر صدر یوتھ کانگریس انیل کمار یادو ، نائب صدر گریٹر حیدرآباد عثمان محمد خاں ، متین شریف اور اشفاق خاں موجود تھے ۔۔