پارٹی سے اختلاف ہو تو وینکٹ ریڈی علحدہ راستہ اختیار کرلیں
حیدرآباد۔/5 ستمبر، ( سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ اور رکن اسمبلی جگا ریڈی نے اعتراف کیا کہ ریونت ریڈی اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے درمیان دوریاں برقرار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی سی سی صدر اور رکن پارلیمنٹ کے درمیان تال میل کی کمی ہے تاہم وہ پُرامید ہیں کہ بہت جلد یہ دوریاں اور اختلافات ختم ہوجائیں گے۔ جگا ریڈی نے کہا کہ وہ دونوں قائدین میں اختلافات اور غلط فہمیوں کی یکسوئی کیلئے مساعی کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پردیش کانگریس کے صدر کی حیثیت سے ریونت ریڈی انہیں جو بھی ہدایت دیں گے اس پر عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی برسی کے موقع پر منعقدہ جلسہ میں وینکٹ ریڈی کی شرکت پر اعتراضات غیر ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رکن اسمبلی سیتکا نے چندرا بابو نائیڈو کو راکھی باندھی تھی اس میں بھی کوئی غلط بات نہیں۔ جگا ریڈی نے کہا کہ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے پردیش کانگریس کی صدارت کیلئے کافی کوشش کی تھی لیکن وہ عہدہ کے حصول سے محروم رہے لہذا وہ اپنی محرومی کے تحت ریونت ریڈی کے خلاف بیانات دے رہے ہیں۔ جگا ریڈی نے کہا کہ اگر کومٹ ریڈی کو کانگریس میں دلچسپی نہیں تو وہ کانگریس چھوڑ سکتے ہیں۔ کانگریس میں چھوٹے چھوٹے مسائل کی موجودگی کوئی نئی بات نہیں۔ جگا ریڈی نے ریونت ریڈی سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔R