ریونت ریڈی اور چندرا بابو نائیڈو کا آئندہ ماہ دورہ ڈاؤس

   

ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت، نارا لوکیش اور دیویندر فڈنویس بھی شریک ہوں گے
حیدرآباد ۔23۔ڈسمبر (سیاست نیوز) تلگو ریاستوں کے چیف منسٹرس ریونت ریڈی اور این چندرا بابو نائیڈو آئندہ ماہ ڈاؤس میں ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس 2025 میں شرکت کریں گے ۔ چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فڈنویس کی شرکت کا بھی امکان ہے۔ اطلاعات کے مطابق چندرا بابو نائیڈو کے ہمراہ ان کے فرزند اور وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی نارا لوکیش بھی ڈاؤس کا دورہ کریں گے۔ کرناٹک کے ڈپٹی چیف منسٹر ڈی کے شیو کمار ، ٹاملناڈو کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ٹی آر راجہ اور اترپردیش کے وزیر سریش کھنہ بھی ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ پانچ روزہ سالانہ اجلاس 20 جنوری 2025 سے سوئزرلینڈ کے ڈاؤس میں شروع ہوگا۔ اجلاس میں مرکزی حکومت کے بعض سینئر وزراء کی شرکت کا امکان ہے، تاہم وزراء کے ناموں کو قطعیت نہیں دی گئی ہے۔ مرکزی وزراء اشونی کمار ویشنو ، سمرتی ایرانی اور ہردیپ سنگھ پوری نے گزشتہ سال کے اجلاس میں شرکت کی تھی۔ وزیراعظم نریندر مودی بھی ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کرچکے ہیں۔ تاہم 2025 کے اجلاس میں ان کی شرکت کے بارے میں سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی گئی۔ اجلاس میں دنیا بھر کے تقریباً 50 سربراہان مملکت کی شرکت کا امکان ہے۔ امریکہ میں اقتدار کی تبدیلی اور دنیا میں اہم تبدیلیوں کے پس منظر میں ورلڈ اکنامک فورم کا یہ اجلاس اہمیت کا حامل ہے۔ نریندر مودی اور ڈونالڈ ٹرمپ نے 2018 میں پہلی مرتبہ کانفرنس میں شرکت کی تھی۔ ڈونالڈ ٹرمپ 20 جنوری کو امریکی صدر کے عہدہ کا دوسری مرتبہ جائزہ لیں گے۔ لہذا کانفرنس میں ان کی شرکت کے امکانات موہوم دکھائی دے رہے ہیں۔ دیویندر فڈنویس اور چندرا بابو نائیڈو ایک سے زائد مرتبہ ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شریک ہوچکے ہیں جبکہ ریونت ریڈی نے پہلی مرتبہ جنوری 2024 میں ڈاؤس اجلاس میں شرکت کی تھی۔ سرکاری عہدیداروں ، قائدین اور سیول سوسائٹی ارکان کے علاوہ عالمی سطح کے صنعتی اداروں کے سربراہان شرکت کریں گے۔ مکیش امبانی اور گوتم اڈانی کی شرکت بھی متوقع ہے ۔ ریلائنس ، ٹاٹا، اڈانی ، برلا ، بھارتی ، مہیندرا ، گودریج ، جندال ، بجاج اور دیگر بڑے ادارے کانفرنس میں سرمایہ کاری کے سلسلہ میں اہم معاہدات پر دستخط کریں گے۔ ڈاؤس کانفرنس میں گزشتہ سال کئی عالمی اداروں نے تلنگانہ میں سرمایہ کاری سے اتفاق کیا تھا۔ 1