ریونت ریڈی اور چندرا بابو نائیڈو کا ڈاکٹر منموہن سنگھ کو خراج

   

تلنگانہ کے وزراء اور صدر پردیش کانگریس بھی دہلی پہنچے
حیدرآباد ۔27۔ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے نئی دہلی پہنچ کر سابق وزیراعظم آنجہانی ڈاکٹر منموہن سنگھ کو خراج پیش کیا۔ کرناٹک کے بیلگام میں کانگریس ورکنگ کمیٹی اجلاس میں شرکت کے بعد چیف منسٹر خصوصی طیارہ سے نئی دہلی روانہ ہوئے۔ ہماچل پردیش کے چیف منسٹر سکھویندر سنگھ سکھو ، جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ دیپا داس منشی، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ ، ریاستی وزیر دامودر راج نرسمہا ، ارکان پارلیمنٹ ڈاکٹر ملو روی ۔ بلرام نائک ، انیل کمار یادو اور رکن کانگریس ورکنگ کمیٹی سمپت کمار نئی دہلی روانہ ہوئے۔ ان قائدین نے منموہن سنگھ کی قیامگاہ پہنچ کر خراج پیش کیا۔ چیف منسٹر اور دیگر قائدین نے ڈاکٹر منموہن سنگھ کی اہلیہ سے ملاقات کی اور انہیں پرسہ دیا۔ چیف منسٹر نے ملک میں معاشی اصلاحات کیلئے ڈاکٹر منموہن سنگھ کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ وزیراعظم کی حیثیت سے 10 سال میں منموہن سنگھ نے غریبوں و متوسط طبقات کیلئے کئی اسکیمات کا آغاز کیا تھا ۔ زرعی مزدوروں کیلئے منریگا اسکیم کا آغاز ڈاکٹر منموہن سنگھ کا اہم کارنامہ ہے۔ اسی دوران چیف منسٹر آندھراپردیش چندرا بابو نائیڈو نے نئی دہلی پہنچ کر ڈاکٹر منموہن سنگھ کو خراج پیش کیا۔ مرکزی وزیر شہری ہوا بازی رام موہن نائیڈو اور تلگو دیشم ارکان پارلیمنٹ بھی موجود تھے۔1

منموہن سنگھ کو جگن موہن ریڈی کا خراج
حیدرآباد 27 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) سابق چیف منسٹر آندھرا پردیش و صدر وائی ایس آر کانگریس جگن موہن ریڈی نے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے ایک پوسٹ میں جگن نے ڈاکٹر سنگھ کے انتقال کو قوم کا ناقابل تلافی نقصان قرار دیا اور کہا کہ ان کی ایک دہے طویل وزارت عظمی کے عہدہ پر خدمات قابل ستائش رہی ہیں۔