ریونت ریڈی اور کانگریس قائدین کو دہلی پولیس کی نوٹس

   

امیت شاہ کے وائرل ویڈیو کا مقدمہ، یکم مئی کو دہلی طلبی ، تحفظات پر متنازعہ ویڈیو
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اپریل (سیاست نیوز) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے ویڈیو کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کے معاملہ میں دہلی پولیس نے تلنگانہ کے کانگریس قائدین اور سوشیل میڈیا سیل کو نوٹس جاری کی ہے۔ نئی دہلی پولیس کی ٹیم نے گاندھی بھون پہنچ کر پارٹی ترجمان اسما تسلیم ، پارٹی کے سوشیل میڈیا انچارج ایم ستیش، شیو شنکر اور نوین کو نوٹس جاری کی ۔ دہلی پولیس نے اسی معاملہ میں چیف منسٹر اور صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے تحقیقات کیلئے یکم مئی کو نئی دہلی حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے۔ دہلی پولیس کا الزام ہے کہ امیت شاہ کا تبدیل شدہ ویڈیو ریونت ریڈی کے سوشیل میڈیا اکاؤنٹ X پر وائرل کیا گیا۔ واضح رہے کہ سوشیل میڈیا میں امیت شاہ کا ایک ویڈیو وائرل ہوا جس میں ان کی آواز میں کہا گیا ہے کہ ملک میں ایس سی ، ایس ٹی اور او بی سی کے تحفظات ختم کئے جائیں گے جبکہ امیت شاہ کے اوریجنل ویڈیو میں وہ مسلم تحفظات ختم کرنے کا اعلان کر رہے ہیں۔ اس معاملہ میں دہلی پولیس نے اتوار کو ایک مقدمہ درج کیا۔ مرکزی وزارت داخلہ کی شکایت پر دہلی پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔ واضح رہے کہ امیت شاہ نے 23 اپریل کو تلنگانہ کی وجئے سنکلپ یاترا میں حصہ لیا اور برسر اقتدار آنے پر تلنگانہ میں مسلم ریزرویشن کو ختم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے ایس سی ، ایس ٹی اور او بی سی میں تحفظات تقسیم کرنے کی بات کہی ۔ امیت شاہ کے اس ویڈیو میں تبدیلی کرتے ہوئے ایس سی ، ایس ٹی اور او بی سی کے تحفظات ختم کرنے کی آواز شامل کردی گئی۔ ڈپٹی کمشنر پولیس اسپیشل سیل نئی دہلی کی ٹیم نے گاندھی بھون پہنچ کر نوٹس حوالے کی۔ 91/160 سی آر پی سی کے تحت نوٹس میں کانگریس قائدین کو یکم مئی صبح 10.30 بجے نئی دہلی میں تحقیقات کیلئے حاصل ہونے کی ہدایت دی گئی ۔ نوٹس میں سوشیل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس پر امیت شاہ کے وائرل ویڈیو کا حوالہ دیا گیا۔ نوٹس میں انسپکٹر نیرج چودھری نے کہا کہ نوٹس کی خلاف ورزی کی صورت میں ضروری فوجداری کارروائی کی جائے گی۔ 1