حیدرآباد۔/21ستمبر، ( سیاست نیوز) سیاست میں مستقل دوست و دشمن نہیں ہوتا اور اگر ایک ہی پارٹی کے قائدین میں اختلافات ہوں تو ان کی یکسوئی اور آسان ہوتی ہے۔ تلنگانہ کانگریس پارٹی میں ریونت ریڈی کے صدر کی حیثیت سے تقرر کے بعد کئی سینئر قائدین نے ناراضگی جتائی تھی جن میں سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ بھی شامل ہیں۔ ہنمنت راؤ نے کئی مواقع پر ریونت ریڈی کی پالیسیوں سے کھل کر اختلاف کیا تھا۔ دونوں قائدین میں کشیدگی تلخی اور دوریاں آج اس وقت ختم ہوگئیں جب مندوبین کے اجلاس میں دونوں ایک دوسرے سے بغلگیر ہوگئے۔ ریڈ روز گارڈن میں مندوبین کا اجلاس منعقد ہوا جس میں انہیں اظہار خیال کا موقع دیا گیا۔اجلاس کے بعد ہنمنت راؤ کار کے انتظار میں کھڑے تھے کہ ریونت ریڈی کی کار ان کے قریب سے گذری۔ ریونت ریڈی فوری اپنی گاڑی سے اُترے اور ہنمنت راؤ سے اظہار تشکر کرتے ہوئے بغلگیر ہوگئے۔ دونوں قائدین پہلی مرتبہ بغلگیر دیکھے گئے جس پر وہاں موجود پارٹی قائدین نے خوشی کا اظہار کیا۔ اجلاس کے پُرامن انعقاد اور راہول گاندھی کے حق میں قرارداد کی منظوری پر ہنمنت راؤ نے ریونت ریڈی کو مبارکباد پیش کی۔ر