ریونت ریڈی تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نامزد

   

محمد اظہر الدین ورکنگ پریسیڈنٹ، سید عظمت اللہ حسینی کنوینر تشہیری کمیٹی
حیدرآباد۔ کانگریس ہائی کمان نے طویل مشاورت اور بڑے پیمانے پر مخالفتوں کے باوجود بالآخر کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اے ریونت ریڈی کو تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کا صدر نامزد کردیاہے۔ جس کے بعد تلنگانہ پردیش کانگریس صدارت کیلئے قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہوگیا ہے۔ اُتم کمار ریڈی پانچ سال تک صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ کافی پہلے استعفیٰ پیش کرچکے تھے تاہم پارٹی ہائی کمان نے تلنگانہ پردیش کانگریس کی نئی عاملہ تشکیل پانے تک انہیں صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کا مشورہ دیا تھا۔ ریونت ریڈی کو صدر کی حیثیت سے نامزد کرتے ہی پارٹی کے حلقوں میں کافی جوش و خروش دیکھا جارہا ہے۔ چند قائدین دبے الفاظ میں اس کی مخالفت بھی کررہے ہیں۔ سونیا گاندھی کی جانب سے ریونت ریڈی کو صدر بنانے کا فیصلہ کرنے کے بعد آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال نے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ ساتھ ہی 5 قائدین سابق کرکٹر محمد اظہر الدین، ڈاکٹر جے گیتا ریڈی، ایم انجن کمار یادو، کانگریس کے رکن اسمبلی ٹی جگا ریڈی اور بی مہیش کمار گوڑ کو ورکنگ پریسیڈنٹس کی حیثیت سے نامزد کیا گیا ہے۔ محمد اظہر الدین کو دوسری مرتبہ ورکنگ پریسیڈنٹ نامزد کیا گیا ہے۔ سینئر نائب صدور کی حیثیت سے ایس چندر شیکھر، دامودھر ریڈی، ڈاکٹر ملو روی، پی ویریا، سریش شٹکار، وی نریندر ریڈی، رمیش مدیراج، جی نرنجن، ٹی کمار راؤ اور عامر جاوید کا انتخاب کیا گیا ہے۔ سابق رکن پارلیمنٹ مدھو یشکی کو کانگریس تشہیری کمیٹی کا صدر نشین نامزد کیا گیا ہے جبکہ سید عظمت اللہ حسینی کنوینر کے فرائض انجام دیں گے۔ سابق ڈپٹی چیف منسٹر سی دامودھر راج نرسمہا کو الیکشن مینجمنٹ کمیٹی کا صدرنشین نامزد کیا گیا ہے۔ اے مہیشور ریڈی کو اے آئی سی سی پروگرام امپلمنٹیشن کمیٹی کا صدرنشین نامزد کیا گیا ہے۔ اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال نے بحیثیت صدر اُتم کمار ریڈی اور ورکنگ پریسیڈنٹس کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے پونم پربھاکر اور جے کسم کمار کی خدمات کی بھی ستائش کی ہے۔