ریونت ریڈی ’’جیاک پاٹ‘‘ چیف منسٹر ، کے ٹی آر کا سنسنی خیز ریمارک

   

بجٹ مایوس کن ، بی آر ایس ، ایوانوں ، عدالتوں اور سڑکوں پر عوام کیلئے جدوجہد کرے گی
حیدرآباد۔ 20 مارچ (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے سنسنی خیز ریمارک کرتے ہوئے ریونت ریڈی ’’جیاک پاٹ چیف منسٹر‘‘ چیف منسٹر قرار دیا۔ انہوں نے تلنگانہ میں غریبوں کیلئے خرچ ہونے والا فنڈ دہلی منتقل ہونے کا الزام عائد کیا۔ سوریہ پیٹ میں منعقدہ بی آر ایس کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ تحریک ، اقتدار اور اپوزیشن ہمارے لئے کوئی نئی بات نہیں ہے۔ ہم نے اقتدار میں ذمہ دارانہ رول ادا کیا اور اپوزیشن میں بھی تعمیری رول ادا کررہے ہیں۔ بی آر ایس کے دورِ حکومت میں ریاست کے تمام طبقات سے انصاف ہوا، خواتین خوش تھیں، زرعی شعبہ کو عید و تہوار میں تبدیل کردیا گیا تھا، کسانوں کی خودکشیاں ختم ہوگئی تھیں، انتخابی منشور میں نہ کئے جانے والے وعدے بھی پورے کئے گئے، جھوٹے وعدوں کے ذریعہ اقتدار حاصل کرنے والے چیف منسٹر ریونت ریڈی عوام کی فلاح و بہبود میں پوری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔ حکومت کا پیش کردہ بجٹ عوامی بجٹ نہیں ہے بلکہ ’’دہلی کو نوٹوں کے تھیلے روانہ کرنے والا بجٹ‘‘ ہے۔ بھٹی وکرامارکا کی جانب سے پیش کردہ بجٹ مایوس کن ہے، ’’رائزنگ تلنگانہ‘‘ کا نعرہ دیا جارہا ہے، لیکن اس مناسبت سے بجٹ میں رقمی منظوریاں نہیں دی گئیں، 10 سال میں شہر حیدرآباد اور ریاست کو جو ترقی حاصل ہوئی تھی، وہ صرف کانگریس کے 15 ماہی حکومت میں مائل بہ زوال ہوگئی۔ یقیناً بی آر ایس اقتدار میں نہیں ہے، لیکن آج بھی عوام کے دِلوں میں کے سی آر کیلئے محبت ہے۔ کانگریس اور بی جے پی کے درمیان خفیہ معاہدہ ہوجانے کے باوجود مرکزی حکومت تلنگانہ کیلئے کوئی تعاون نہیں کررہی ہے، پھر بھی چیف منسٹر ’’چھوٹے بھائی، بڑے بھائی‘‘ کہتے ہوئے خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ بی آر ایس لیڈر نے کہا کہ کانگریس کے دوسرے مکمل بجٹ سے ریاست کے عوام کو کافی اُمیدیں وابستہ تھیں جو بجٹ پیش ہوجانے کے بعد اُن کی توقعات پر پانی پھر گیا۔ بی آر ایس پارٹی ایوانوں میں، عدالتوں میں اور سڑکوں پر عوامی مسائل کیلئے جدوجہد کرتی رہے گی اور حکومت کو جھنجھوڑتے ہوئے انہیں مسائل کے حل کیلئے مجبور کرے گی۔کے ٹی آر نے ریونت ریڈی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کی ترقی اور عوام کی بہبود پر توجہ دینے کے بجائے اپنی ساری توجہ کمیشن حاصل کرنے پر لگا رہے ہیں۔ 2