ریونت ریڈی حکومت سے کانگریس ہائی کمان پوری طرح مطمئن : مہیش کمار گوڑ

   

کانگریس حکومت کی کارکردگی سے بی آر ایس اور بی جے پی بوکھلاہٹ کا شکار، عنقریب پی سی سی کی تشکیل
حیدرآباد ۔ 16 نومبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کانگریس حکومت کی ایک سالہ کارکردگی سے پارٹی ہائی کمان پوری طرح مطمئن ہے۔ قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی نے کہا کہ تلنگانہ کانگریس حکومت کی کارکردگی ملک کیلئے رول ماڈل ثابت ہورہی ہے۔ ملیشیاء کے دورہ سے واپسی کے بعد اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے تلنگانہ حکومت کی کارکردگی سے پارٹی ہائی کمان ناخوش ہونے کی افواہوں کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ قبل راہول گاندھی ایک پروگرام میں شرکت کرنے کیلئے حیدرآباد پہنچے تھے۔ اس وقت انہوں نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اور مجھ (مہیش کمار گوڑ) سے علحدہ علحدہ ملاقات کرتے ہوئے حکومت اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ حکومت کی کارکردگی ملک کیلئے رول ماڈل ثابت ہوگی۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ حکومت کی ایک سالہ کارکردگی سے اصل اپوزیشن بی آر ایس اور بی جے پی بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ بی آر ایس قائدین بیرونی ممالک سے سوشل میڈیا کے ذریعہ تلنگانہ حکومت کے خلاف گمراہ کن مہم چلاتے ہوئے حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں، مگر اس کا عوام پر کوئی اثر نہیں ہوگا کیونکہ عوام ریونت ریڈی حکومت کی کارکردگی سے پوری طرح مطمئن ہیں۔ مہیش کمار گوڑ نے بی آر ایس قائدین کے خلاف سیاسی انتقام لینے کی سازش کرنے کے الزام کو بھی مسترد کردیا اور کہا کہ بی آر ایس کے 10 سالہ دورحکومت میں کتنی غلطیاں کی گئی ہیں، کے ٹی آر کو اندازہ ہوگیا اس لئے کے ٹی آر جیل جانے کیلئے تیار رہنے کا بار بار دعویٰ کررہے ہیں۔ کے ٹی آر کے خلاف کارروائی کرنے کیلئے گورنر سے اجازت طلب کی گئی ہے۔ عوام کے سی آر اور کے ٹی آر کی گرفتاری کا انتظار کررہے ہیں۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کوڑنگل میں کلکٹر پر حملہ ناقابل معافی ہے۔ اراضی نہ رکھنے والوں نے کلکٹر پر حملہ کیا ہے جس کا حکومت نے سخت نوٹ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 15 تا 20 دن میں تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی نئی عاملہ کا اعلان کیا جائے گا۔ پارٹی کیلئے خدمات انجام دینے والے قائدین سے انصاف کیا جائے گا۔ 2