ریونت ریڈی حکومت میںپولیس کا راج : امجداللہ خاں خالد

   

نظام آباد:25/اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مجلس بچاؤ تحریک (ایم بی ٹی) کے ترجمان مسٹر امجداللہ خاں کو آج بھی نظر بند رکھا گیا اور انہیں نظام آباد جانے سے روک دیا گیاجہاں وہ پولیس کے مبینہ فرضی انکاؤنٹر میں ہلاک ہونے والے شیخ ریاض کے اہلِ خانہ سے ملاقات کے لیے روانہ ہونا چاہتے تھے۔ اطلاعات کے مطابق مسٹر امجداللہ خاں کو 17/اکتوبر سے مسلسل گھر میں نظر بند رکھا گیا ہے۔ ایم بی ٹی ترجمان نے الزام عائد کیا کہ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کی حکومت نے ریاست میں ’’پولیس راج‘‘ قائم کردیا ہے اور انہیں اس لیے روکا جارہا ہے تاکہ نظام آباد پولیس کے مبینہ فرضی انکاؤنٹر کی سچائی عوام کے سامنے نہ آسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پولیس طاقت کے ذریعے انصاف کی آواز کو دبانے کی کوشش کررہی ہے۔ذرائع کے مطابق ریاستی انٹلیجنس شعبہ، حیدرآباد پولیس کی اسپیشل برانچ اور ٹاسک فورس مسلسل ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور انہیں نظام آباد کی سمت سفر کی اجازت نہیں دی جارہی۔ امجداللہ خاں نے واضح کیا کہ وہ شیخ ریاض کے اہلِ خانہ کو انصاف دلانے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔