ریونت ریڈی حکومت کی کارکردگی اطمینان بخش : جانا ریڈی

   

ماضی میں بی آر ایس حکومت کو انتباہ، حال میں سچ ثابت

حیدرآباد 26 جنوری (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد کے جانا ریڈی نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی کارکردگی اطمینان بخش ہونے کا دعویٰ کیا۔ کانگریس پارٹی نے عوام سے جو وعدے کئے تھے اس کو پورا کرنے کے لئے حکومت بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے۔ کانگریس کو اقتدار حاصل ہوتے ہی 6 گیارنٹی میں ایک خواتین کو بسوں میں مفت سفر کی سہولت اور غریب عوام کو مفت طبی سہولت کی فراہمی سے متعلق اسکیم 5 لاکھ سے بڑھاکر 10 لاکھ روپئے کردی گئی ہے۔ ماباقی دیگر وعدوں پر بہت جلد عمل آوری کا آغاز ہوجائے گا۔ آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کے جاناریڈی نے کہاکہ ریونت ریڈی نے بحیثیت چیف منسٹر ابھی تک مثالی خدمات انجام دی ہیں۔ کانگریس حکومت عوامی توقعات پر کھرا اُتر رہی ہے۔ عوام کو اپنی حکومت کا احساس ہورہا ہے۔ دانشور، عوامی خدمات انجام دینے والی سماجی تنظیمیں اور دوسروں کے رائے مشورے حاصل کئے جارہے ہیں اور چیف منسٹر ریونت ریڈی بہترین حکومت فراہم کررہے ہیں۔ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے لئے دن رات کام کیا جارہا ہے۔ کانگریس کی عوامی حکومت کی کارکردگی سے وہ اور ریاست کے عوام پوری طرح مطمئن ہیں۔ ان سے جو بھی مشورے کئے جائیں گے وہ صحیح طور پر اپنی ذمہ داری بخوبی نبھائیں گے۔ ماضی میں ثہ بحیثیت قائد خدمات انجام دے چکے ہیں اور اب پارٹی کے ایک کارکن کی طرح کام کررہے ہیں۔ میری کارکردگی پارٹی کے ہر کارکن کے لئے مثالی ثابت ہوگی۔ میری رائے حکومت اور عوام کو پیش کرنے کے لئے وہ ہمیشہ تیار رہیں گے۔ بی آر ایس حکومت کے خلاف وہ 10 سال پہلے جو باتیں کہی تھیں وہ اب صحیح ثابت ہورہی ہیں۔ ریاست پر قرض کے بوجھ میں اضافہ ہوگیا۔ وعدوں پر عمل آوری نہیں ہوئی۔ دستوری اقدار کا پاس و لحاظ نہیں رکھا گیا۔ برقی کی خریدی کے معاملے میں وہ بی آر ایس حکومت کو پہلے ہی وارننگ دے چکے تھے، مگر میری ایک نہیں سنی گئی۔ آج ریاست کی معاشی صورتحال ابتر ہوگئی ہے۔ انھوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی پارلیمنٹ کے انتخابات میں زیادہ سے زیادہ حلقوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔ جاناریڈی نے عوام کو 75 ویں یوم جمہوریہ کی مبارکباد پیش کی۔ 2