ریونت ریڈی حکومت کے خلاف چارج شیٹ بی آر ایس کی بوکھلاہٹ کا ثبوت

   

Ferty9 Clinic

دو ضمنی چناؤ میں عوام نے مسترد کردیا، گورنمنٹ وہپ اے سرینواس کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 8۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) گورنمنٹ وہپ اے سرینواس نے ریونت ریڈی حکومت کی دو سال کی تکمیل پر بی آر ایس کی جانب سے چارج شیٹ کی اجرائی پر سخت تنقید کی ۔ حکومت کی ناکامیوں پر بی آر ایس نے 40 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ جاری کیا ہے ۔ سی ایل پی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنمنٹ وہپ نے چارج شیٹ کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کامیابیوں کو بی آر ایس نے ناکامی کی شکل میں پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ دو سالہ دور میں ریونت ریڈی حکومت نے نہ صرف 6 ضمانتوں پر عمل آوری کی بلکہ کئی نئی فلاحی اسکیمات کو متعارف کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی سے عوام مطمئن ہیں۔ سرینواس نے کہا کہ جوبلی ہلز کے ضمنی چناؤ میں عوام نے بی آر ایس کو مسترد کردیا جو حکومت کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں دو اسمبلی حلقہ جات کے ضمنی چناؤ ہوئے اور دونوں میں کانگریس کو کامیابی حاصل ہوئی ۔ کنٹونمنٹ اور جوبلی ہلز کے ضمنی چناؤ میں کانگریس کی کامیابی سے بی آر ایس قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ انہوں نے پیش قیاسی کی کہ پنچایت چناؤ میں کانگریس کو شاندار کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے خلاف چارج شیٹ جاری کرنے سے قبل بی آر ایس قائدین کو اپنے 10 سالہ دور حکومت کا محاسبہ کرنا چاہئے ۔ 10 برسوں میں عوامی مسائل کو نظرانداز کرنے کے سبب عوام نے مسترد کردیا اور کانگریس کو عوام کی خدمت کا موقع فراہم کیا ہے۔ 10 سالہ بی آر ایس کا دور حکومت بدعنوانیوں سے پرُ رہا اور کئی اسکامس کی تحقیقات جاری ہے ۔ سرینواس نے کہا کہ بی آر ایس کو اپوزیشن کے عہدہ پر بھی برقراری کا حق حاصل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ کی کامیابی سے بی آر ایس قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہے ۔ ریاست کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے گلوبل سمٹ منعقد کیا گیا جس میں بڑے پیمانہ پر سرمایہ کاری کے امکانات ہیں۔ انہوں نے بی آر ایس قائدین کو مشورہ دیا کہ اپنی ناکامیوں کی پردہ پوشی کے لئے ریونت ریڈی حکومت کو نشانہ بنانے کی پالیسی ترک کردیں۔1