ریونت ریڈی سے جیون ریڈی کی ناشتہ پر ملاقات نتیجہ خیز

   

عنقریب مناسب ذمہ داری کا تیقن، ناراض قائد نے حکومت کی ستائش کی
حیدرآباد 27 جون (سیاست نیوز) کانگریس رکن کونسل ٹی جیون ریڈی کی ناراضگی آخرکار ختم ہوگئی اور اُنھوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور حکومت کی ستائش کرکے حکومت کی اسکیمات کو عوام تک پہنچانے میں ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ جگتیال کے بی آر ایس رکن اسمبلی ڈاکٹر سنجے کمار کی کانگریس میں شمولیت سے جیون ریڈی ناراض تھے اور اُنھوں نے کونسل کی رکنیت سے استعفے کا اعلان کیا تھا۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹریز کے سی وینو گوپال و دیپاداس منشی کی مداخلت کے بعد انہوں نے استعفے کے فیصلے سے دستبرداری اختیار کرلی۔ جیون ریڈی کو نئی دہلی مدعو کیا گیا جہاں اے آئی سی سی قائدین نے وزراء کی موجودگی میں ملاقات کرکے بھروسہ دلایا کہ پارٹی میں اُنھیں مستحقہ مقام دیا جائیگا۔ ریونت ریڈی سے اُن کی قیامگاہ پر جیون ریڈی نے ناشتہ پر ملاقات کی۔ اِس موقع پر اے آئی سی سی جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ دیپاداس منشی اور ریاستی وزیر ڈی سریدھر بابو موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق ریونت ریڈی نے اعتراف کیاکہ پارٹی قائدین میں تال میل کی کمی کے سبب بی آر ایس رکن اسمبلی کی شمولیت پر جیون ریڈی کو اطلاع نہیں دی جاسکی۔ اُنھوں نے کہاکہ سنجیو کمار حکومت کی کارکردگی سے متاثر ہوکر کانگریس میں شامل ہوئے ۔ گزشتہ 4 دہوں سے کانگریس کیلئے برسرکار جیون ریڈی کو پارٹی میں مستحقہ مقام دیا جائے گا اور اُن کے احترام میں کوئی کمی نہیں آئیگی۔ چیف منسٹر نے اُنھیں مناسب وقت پر مناسب ذمہ داری دینے کا تیقن دیا۔ ریونت ریڈی سے ملاقات کے بعد جیون ریڈی مطمئن نظر آئے اور اُنھوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے حکومت کی کارکردگی کی ستائش کی اور کہاکہ پارٹی چھوڑنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ریونت ریڈی کے مطابق ہائی کمان نے اُنھیں جیون ریڈی کو مناسب مقام دینے کی ہدایت دی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دو اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس کے سنجے کمار نے جیون ریڈی کو شکست دی تھی۔ 1