حیدرآباد۔/30 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے نئے گورنر کی حیثیت سے تریپورہ کے بی جے پی قائد جشنو دیو ورما کے تقرر سے برسراقتدار کانگریس پارٹی میں پائے جانے والے اندیشوں کے درمیان نئے گورنر نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیاں دشمن نہیں ہیں بلکہ انہیں عوامی مسائل پر نمائندگی کا حق حاصل ہے۔ تلنگانہ گورنر کے طور پر تقرر کے بعد اگرتلہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جے ڈی ورما نے کہا کہ وہ 31 جولائی کو حلف برداری کے بعد 2 اور 3 اگسٹ کو راشٹر پتی بھون نئی دہلی میں گورنرس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ ورما نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی نے ان سے فون پر بات چیت کی اور گورنر کی حیثیت سے تقرر پر مبارکباد دی۔ تلنگانہ میں کانگریس حکومت کے بارے میں پوچھے جانے پر جے ڈی ورما نے کہا کہ کوئی بھی اپوزیشن پارٹی دشمن نہیں ہوتی۔ ہر ریاست میں بی جے پی حکومت قائم کرنا ممکن نہیں ہے۔ جمہوریت میں بعض ریاستوں میں کانگریس، شیوسینا، ترنمول کانگریس اور دیگر پارٹیاں برسراقتدار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ہمیشہ صحت مند جمہوری روایات کی برقراری کے حامی ہیں۔ ورما نے کہا کہ وہ ریاستی حکومت سے بہتر تال میل کے ساتھ اپنی خدمات انجام دیں گے۔ تریپورہ میں انہیں جو سیاسی تجربہ ہے اسے تلنگانہ میں استعمال کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اپنے دیرینہ سیاسی تجربہ کے نتیجہ میں وہ بہتر کام کرپائیں گے۔ ورما نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی جمہوری طور پر منتخب حکومت تلنگانہ میں قائم ہے اور وہ ریاست کے دستوری سربراہ کی حیثیت سے چیف منسٹر سے مشاورت کے ساتھ اپنی خدمات انجام دیں گے۔1