ریونت ریڈی منگل کو عازمین کے پہلے قافلہ کو وداع کریں گے

   

حج کیمپ اور ایرپورٹ پر مؤثر انتظامات کی ہدایت، 26 اپریل سے حج کیمپ کا آغاز
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی 29 اپریل کو تلنگانہ حج کمیٹی کے عازمین حج کے پہلے قافلہ کو حج ہاؤز نامپلی سے وداع کریں گے ۔ تلنگانہ حج کمیٹی کے عازمین کے قافلوں کی روانگی کا 29 اپریل سے آغاز ہورہا ہے اور 29 مئی تک یہ سلسلہ جاری رہے گا ۔ پہلا قافلہ رات دیر گئے 2.40 بجے حیدرآباد سے مدینہ منورہ کیلئے پرواز کرے گا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی رات 8.30 بجے حج ہاؤز نامپلی سے پہلے قافلہ کی بسوں کو جھنڈی دکھاکر روانہ کریں گے۔ پہلے قافلہ کی روانگی کے موقع پر حج ہاؤز میں تقریب منعقد ہوگی جس سے چیف منسٹر خطاب کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عازمین حج کے پہلے قافلہ کی روانگی سے اتفاق کیا اور عہدیداروں کو حج کیمپ میں موثر انتظامات کی ہدایت دی ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حج کیمپ کے علاوہ ایرپورٹ پر عازمین کیلئے بہتر انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے انتظامات کی تفصیلات پر مبنی رپورٹ عہدیداروں سے طلب کی ہے۔حج ہاؤز نامپلی میں 26 اپریل سے حج کیمپ کا آغاز ہوگا۔حج فلائیٹ شیڈول کے مطابق ابتدائی 7 قافلے حیدرآباد سے مدینہ منورہ روانہ ہوں گے جبکہ باقی قافلے حیدرآباد سے جدہ پرواز کریں گے ۔ 29 اپریل کے بعد 30 اپریل ، 4 مئی ، 6 مئی ، 11 مئی اور 13 مئی کے قافلے مدینہ منورہ روانہ ہوں گے ۔ عازمین حج کو فلائیٹ کے 48 گھنٹے قبل حج کیمپ میں رپورٹ کرنا ہوگا۔ اضلاع سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کی کیمپ میں رہائش کا انتظام کیا جارہا ہے ۔ حکومت سعودی عرب نے جاریہ سال 12 سال سے کم عمر بچوں کے سفر حج پر پابندی عائد کردی ہے اور حج کمیٹی آف انڈیا نے 12 سال سے کم عمر کی تمام درخواستوں کو منسوخ کردیا ہے۔ اسی دوران صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے ایرپورٹ کا دورہ کرتے ہوئے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور عازمین حج کے انتظامات کو قطعیت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے جملہ 12 ہزار عازمین کی روانگی عمل میں آئے گی جن میں مختلف ریاستوں کے عازمین شامل ہیں۔ تلنگانہ حج کمیٹی کے عازمین کی تعداد تقریباً 7000 ہے۔1