ریونت ریڈی نے اسکولی طلبہ کے ساتھ فٹبال کھیلا

   

کلاس رومس کا معائنہ ، میجک باکس کی تقسیم
حیدرآباد ۔ 10 ۔ اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے نارسنگی میں ’’ینگ انڈیا‘‘ پولیس اسکول کے افتتاح کے موقع پر طلبہ کے ساتھ فٹبال کھیلا۔ چیف منسٹر نے اسکول میں اسپورٹس کی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات حاصل کی جس پر انہیں گراؤنڈ کا معائنہ کرایا گیا۔ چیف منسٹر نے اسکولی طلبہ کے ساتھ کچھ دیر تک فٹبال کھیلا اور ایک مرحلہ پر گول بنایا۔ کمشنر پولیس سی وی آنند بھی کھیل میں شریک ہوئے۔ چیف منسٹر نے طلبہ سے ملاقات کی اور اسکول میں سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے تیقن دیا کہ کارپوریٹ طرز کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ چیف منسٹر نے اسکول کے کلاس رومس کا معائنہ کیا اور ٹیچرس سے بات چیت کی۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے طلبہ میں ’’میجک باکس‘‘ تقسیم کئے جس میں ڈریس ، نصابی کتب اور دیگر ضروری اشیاء موجود تھیں۔ چیف منسٹر نے طلبہ کیلئے ڈریس کے انتخاب پر عہدیداروں کی ستائش کی۔ انہوں نے ڈائرکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر جتیندر کو مشورہ دیا کہ ملٹی نیشنل کمپنیوں سے بات چیت کرتے ہوئے سماجی ذمہ داری کے طور پر اسکول کو فنڈس مختص کرنے کی ترغیب دیں۔1