ریونت ریڈی نے کل ہند صنعتی نمائش کا افتتاح انجام دیا

   

سوسائیٹی کی تعلیمی خدمات کی ستائش ۔ وسعت کیلئے حکومت سے ہر ممکن تعاون کا تیقن
حیدرآباد۔یکم جنوری(سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے 83ویں کل ہند صنعتی نمائش کا افتتاح انجام دیا ۔ اس موقع پر صدر نمائش سوسائٹی وریاستی وزیر ڈی سریدھر بابو کے علاوہ مہمانِ خصوصی وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے شرکت کی۔افتتاحی تقریب سے خطاب میں ریونت ریڈی نے عوام کو سال نو کی مبارکباد دی اور کہاکہ دنیا بھر میںحیدرآباد کی پہچان چارمینار ‘ حسین ساگر( ٹینک بنڈ) اور نمائش سے ہے اور اس عظیم او رقدیم نمائش میں کشمیر سے کنیا کماری کے تاجر اسٹال لگاتے ہیں اور ریاست بھر سے آنے والے لوگ استفادہ کرتے ہیں۔ ریونت ریڈی نے تلنگانہ میں 10 سال نمائش سوسائٹی کو نظر انداز کرنے کا سابقہ حکومت پر الزام لگایا اور کہاکہ موجودہ حکومت سوسائٹی کوہر قسم کی سہولیات فراہم کریگی ۔ انہوں نے کہاکہ سوسائٹی کے زیر اہتمام تعلیمی اداروں میںہزاروں طلباء تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ اضلاع میں سوسائٹی کی فلاحی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ کملا نہرو پالی ٹیکنیک کالج کو انجینئرنگ کالج میں تبدیل کریں اور اس کیلئے حکومت تعاون کریگی ۔انہوں نے کہاکہ 10 میں جو ناانصافیاں نمائش سوسائٹی سے کی گئی ہیں ان کو موجودہ حکومت دور کریگی ۔انہوں نے سی ایس آر فنڈس کی فراہمی سے سوسائٹی کے فلاحی کاموں کو آگے بڑھانے میں بھی حکومت کے پور تعاون کا اعلان کیا ۔ریونت ریڈی نے سوسائٹی میں خواتین کی حصہ داری کو بھی قابل ستائش قراردیا ۔ صدر سوسائٹی و وزیر ڈی سریدھر باپو نے خیر مقدمی خطاب میں چیف منسٹر اور نمائش کے تمام اسٹال ہولڈرس اور نمائش دیکھنے کا مشاہدہ کرنے آنے والوں کا خیرمقدم کیا اور کہاکہ چیف منسٹر کا نمائش کی افتتاحی تقریب میںشرکت خوش آئند ہے ۔ سریدھر بابو نے نمائش سوسائٹی سے حکومت کے پور تعاون کا بھروسہ دلایا ۔ نمائش کے کامیاب انصرام میں سوسائٹی کے ساتھ تمام سرکاری محکموں کا بھی انہوں نے شکریہ ادا کیا۔ نائب صدر سوسائٹی وی ستیندر ‘ اعزازی سکریٹری بی ہنمنت رائو‘ اعزازی جوائنٹ سکریٹری چندرجیت سنگھ اوراعزازی خازن ای راجندرا کمار بھی موجود تھے۔ چیف منسٹر کا استقبال سوسائٹی ذمہ داران نے کیا اور حسب روایت سوسائٹی کے تمام ذمہ داران کا چیف منسٹر سے تعارف کروایاگیا اور بعد میں سوسائٹی ذمہ داران کے ساتھ ریونت ریڈی نے گروپ فوٹو بھی لیا۔ بعدازاں افتتاحی تقریب کا آغاز دیا جلا کر کیاگیا اور غبارے چھوڑ کر 83ویں کل ہند صنعتی نمائش کے آغاز کا اعلان کیاگیا۔