ریونت ریڈی نے کے ٹی آر کے فارم ہائوز کے دستاویزات جاری کئے

   

Ferty9 Clinic

دیانتداری ثابت کرنے تحقیقات کا سامنا کریں، کابینہ سے استعفیٰ کا مطالبہ
حیدرآباد۔ 8 جون (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما رائو کے فارم ہائوز سے متعلق بعض دستاویزات جاری کرتے ہوئے تحقیقات کا سامنا کرنے کا مطالبہ کیا۔ رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی، سابق رکن پارلیمنٹ کے وشویشور ریڈی، سابق وزیر پرساد کمار، ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر اور دیگر قائدین نے گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر کے فارم ہائوز سے متعلق دستاویزات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی وزیر اگر واقعی دیانتدار ہیں تو انہیں تحقیقات کا سامنا کرتے ہوئے خود کو بے قصور ثابت کرنا چاہئے۔ ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کے ٹی آر نے ان کے خلاف بعض بروکرس اور جوکرس کو میدان میں اتارا ہے۔ انہوں نے کے ٹی آر اور ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کو چیلنج کیا کہ وہ آدھی رات کو فون کرتے ہوئے ان کے پاس آئیں اور وہ وٹاناگولا پلی ساتھ چلنے کے لیے تیار ہیں۔ اگر وہاں ریونت ریڈی کی اراضی یا ملکیت ثابت ہوجاتی ہے تو وہ تعمیرات کو فوری منہدم کردیں گے۔ انہوں نے چیلنج کیا کہ ٹی آر ایس ارکان مقننہ کو ان کے ساتھ عثمان ساگر کے آبگیر علاقے جن واڑہ چلنا چاہئے جہاں وہ کے ٹی آر کے فارم ہائوز کی ملکیت ثابت کریں گے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ عوامی زندگی میں خود کو دیانتدار اور ایماندار ثابت کرنے کے لیے کے ٹی آر کے لیے یہ بہترین موقع ہے۔ انہوں نے اس بات کو دہرایا کہ جی او 111 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کے ٹی آر نے فارم ہائوز تعمیر کیا جبکہ یہ علاقہ تعمیری اعتبار سے ممنوعہ ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ سروے نمبر 301 کے تحت کے ٹی آر کی اہلیہ کے نام پر تین ایکر اراضی موجود ہے جس کا اعتراف انتخابی حلف نامے میں کیا گیا لیکن اب کے ٹی آر اراضی کی ملکیت سے انکار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فارم ہائوز کی ڈرون کے ذریعہ فلم بندی کے الزام میں جیل بھیجا گیا۔ گرین ٹربیونل نے کے ٹی آر کو جو نوٹس جاری کی ہے اور تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے، حکومت کو چاہئے کہ تحقیقاتی کمیٹی سے تعاون کرے۔ انہوں نے کہا کہ غیر جانبدارانہ تحقیقات کے لیے کے ٹی آر کو وزارت سے مستعفی ہونا چاہئے یا پھر چیف منسٹر انہیں وزارت سے برطرف کرتے ہوئے اپنی دیانتداری کا ثبوت دیں۔