قائدین سے سرگرم مشاورت ، موجودہ کمیٹی کی جگہ نئے چہرے آئیں گے
حیدرآباد۔26 ۔جولائی (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے پارٹی کے عہدیداروں کے ناموں کو قطعیت دینے کا کام تیز کردیا ہے تاکہ تلنگانہ میں اپنی ٹیم تیارکرسکیں۔ کانگریس ہائی کمان نے ریونت ریڈی کے تقرر کے ساتھ بعض ورکنگ پریسیڈنٹس اور نائب صدور کے ناموں کا اعلان کیا تھا۔ ریونت ریڈی ریاست میں ضلع واری سطح پر اپنی ٹیم تشکیل دینا چاہتے ہیں تاکہ ان کے مشن 2023 ء پر موثر عمل میں مدد ملے۔ ٹیم کی تیاری کی سرگرمیوں کے دوران انہیں عہدوں کے خواہشمند قائدین کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ریونت ریڈی سے قربت رکھنے والے قائدین کی سفارش کے ساتھ کئی قائدین عہدوں کے لئے رجوع ہورہے ہیں۔ ریونت ریڈی کے قریبی ذرائع کے مطابق پردیش کانگریس کے تمام عہدیداروں اور ترجمانوں کو بہت جلد معزول کرتے ہوئے احکامات جاری کئے جائیں گے ۔ اتم کمار ریڈی نے 6 برسوں کے دوران نائب صدور ، جنرل سکریٹریز ، سکریٹریز حتیٰ کہ ترجمانوں کو طویل قطار تیار کردی تھی جس کے نتیجہ میں ہر کوئی اپنے عہدے کی آڑ میں اپنی شناخت بنانے میں مصروف تھا۔ ریونت ریڈی کے نام کے اعلان سے دو دن قبل ہی اتم کمار ریڈی کی دستخط سے تقرر کے احکامات جاری کئے گئے۔ ہائی کمان نے ورکنگ پریسیڈنٹس اور نائب صدور میں اتم کمار ریڈی کے بعض حامیوں کو نمائندگی دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریونت ریڈی نائب صدور 10 ، جنرل سکریٹریز 20 ، سکریٹریز 40 ، سرکاری ترجمان 4 ، ضلع صدور 33 اور ایک خازن کے انتخاب کے لئے سرگرم مشاورت میں مصروف ہیں۔ اس کے علاوہ شہروں ، ٹاؤنس اور بلاکس کی سطح پر نئے صدور اور عہدیداروںکا تقرر کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ ہائی کمان نے ریونت ریڈی کو اپنی ٹیم تیارکرنے کی اجازت دے دی ہے ۔ پہلے مرحلہ میں وہ ترجمانوں کے علاوہ پردیش کانگریس کے عہدیداروں کے ناموں کو قطعیت دے کر ہائی کمان کی منظوری حاصل کریں گے ۔ پارٹی کی محاذی تنظیموں کے عہدیداروں میں بڑے پیمانہ پر تبدیلی کے امکانات ہیں۔