ہردہلیز تک کانگریس کابقایا کارڈ لے کرجائیں۔ بی آرایس کارکنوں سے کے ٹی آر کی خواہش
گمبھی راوپیٹ، سرسلہ ۔ 22 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)سرسلہ میونسپل انتخابات میں عوام کی بھرپور تائید کے ساتھ گلابی پرچم لہرانا طے ہے اور اکثریتی وارڈز میں کامیابی حاصل کرنا بی آر ایس کا ہدف ہے۔ یہ بات بی آر ایس کے ورکنگ پریذیڈنٹ اور سرسلہ کے رکن اسمبلی کے ٹی آر نے کہی۔ وہ تلنگانہ بھون، سرسلہ میں میونسپل انتخابات کے سلسلے میں وارڈ انچارجز کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔کے ٹی آر نے کہا کہ سرسلہ پہلے کیسا تھا اور بی آر ایس کے دورِ حکومت میں کس طرح ہمہ جہت ترقی ہوئی، یہ بات عوام تک مؤثر انداز میں پہنچائی جائے۔ انہوں نے کہا‘‘اپنا کام ہمیں خود ہی عوام کو بتانا ہوگا، کوئی دوسرا آ کر ہماری کامیابیاں نہیں بتائے گا۔’’انہوں نے کہا کہ میونسپل انتخابات کے بعد مقامی انتخابات نہیں ہوں گے بلکہ براہِ راست عام انتخابات ہوں گے، اس لیے صرف میونسپلٹی جیتنا کافی نہیں بلکہ تمام وارڈز میں بی آر ایس کی کامیابی ناگزیر ہے۔کے ٹی آر نے کانگریس حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اضلاع کی ازسرِنو تقسیم کے نام پر عوام میں کنفیوژن پیدا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی راجنا سرسلہ ضلع کو ختم کرنے کی سازش کر رہے ہیں، جس سے عوام، وکلا اور دانشوروں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو حکومت اضلاع ختم کرنے پر تیار ہو، اس سے سیس ختم کرنے کی امید رکھنا بے معنی ہے۔ کے ٹی آر نے ریونت ریڈی کی حکمرانی کو تغلق طرز کے فیصلوں کی حکمرانی قرار دیا۔انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ بی آر ایس کی ترقی ہر گھر تک پہنچائیں اور کانگریس کا بقایا کارڈ ہر دہلیز تک لے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے وعدوں پر عملدرآمد کی حقیقت عوام کے سامنے لائی جائے اور بتایا جائے کہ بزرگوں، خواتین، کسانوں، بنکروں اور ریٹائرڈ ملازمین پر حکومت کا کتنا بقایا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ سنکرانتی گزر جانے کے باوجود رعیتو بندھو کی رقم جاری نہیں ہوئی، بتوکما ساڑیوں کے آرڈرز نہیں دیے گئے اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کا بھی کوئی واضح حل سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ بنکروں کا حقیقی سہارا صرف بی آر ایس حکومت ہی بنی۔کے ٹی آر نے اعلان کیا کہ وہ سرسلہ میونسپل انتخابات کی براہِ راست نگرانی کریں گے اور اعتماد ظاہر کیا کہ عوام ہر حال میں بی آر ایس کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آخر میں کے ٹی آر نے کارکنوں اور وارڈ انچارجز سے اپیل کی کہ سرسلہ میونسپل انتخابات میں بی آر ایس کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے گھر گھر مہم چلائیں، ترقی کو اجاگر کریں اور کانگریس کی ناکامیوں کو عوام کے سامنے بے نقاب کریں۔