ریونت ریڈی پردیش کانگریس صدارت کی دوڑ میں آگے!

   

اے آئی سی سی نے سونیا گاندھی کو رپورٹ پیش کردی۔ دہلی میں سرگرمیاں تیز

حیدرآباد : تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے نئے صدر کا عمل تیز ہوگیا۔ اے آئی سی سی کی رپورٹ کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی کو پہنچ چکی ہے۔ ایک دو دن میں تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی نئی عاملہ تشکیل پانے کا قوی امکان ہے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے دوڑ میں کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اے ریونت ریڈی سب سے آگے ہیں۔ اس کے علاوہ ساتھ ہی مدھوگوڑ یشکی اور جیون ریڈی بھی دوڑ میں شامل ہیں۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ کانگریس ہائی کمان ورکنگ پریسیڈنٹس، تشہیری کمیٹی کے صدرنشین کے علاوہ دیگر پانچ عہدوں کیلئے پارٹی کے سینئرقائدین پر غور کررہی ہے۔ اے آئی سی سی آفس سے ایک بند لفافے میں ناموں کو سونیا گاندھی کے پاس روانہ کردیا گیا ہے۔ ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ کانگریس کے سینئر قائدین محمد علی شبیر اور دامودھر راج نرسمہا کو ورکنگ پریسیڈنٹس نامزد کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ اے آئی سی سی کی نوٹ میں بھی تلنگانہ کی موجودہ تازہ سیاسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کا صدر ریونت ریڈی کو نامزد کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ اگر ریونت ریڈی کو تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کا صدر بنایا جاتا ہے تو تشہیری کمیٹی کے صدرنشین کی حیثیت سے جیون ریڈی یا مدھو گوڑ یشکی میں کسی ایک کا انتخاب کیا جائے گا۔ ساتھ ہی کانگریس کے رکن اسمبلی ڈی سریدھر بابو کو بھی پارٹی میں اہم عہدہ دینے کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ تلنگانہ پردیش کانگریس صدارت کی دوڑ میں آخری تک شامل رہنے والے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کو اے آئی سی سی میں شامل کرنے کا امکان ہے۔ کانگریس کے قائدین اتم کمار ریڈی کی قیادت میں کل راج بھون پہنچ کر گورنر کو ویکسین کے مسئلہ پر ایک یادداشت پیش کی۔
اس موقع پر دونوں ارکان پارلیمنٹ ریونت ریڈی اور کومٹ ریڈی نے علحدگی میں تھوڑی دیر کیلئے بات چیت کرلی ہے جو اس وقت کانگریس کے حلقوں میں موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔