ریونت ریڈی پر آر ایس ایس ایجنٹ ہونے کے ٹی آر کا الزام

   

مفت برقی سربراہی پر گمراہ کن الزامات سے گریز کا مشورہ
حیدرآباد۔/16 جولائی، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ریونت ریڈی گاندھی بھون میں گوڈسے کی طرح ہیں۔ جگتیال میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ زرعی شعبہ کو برقی سربراہی کے مسئلہ پر کانگریس پارٹی کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ 5 دہوں تک کسان فصلوں کیلئے پانی اور کھاد سے محروم تھے۔ تلنگانہ میں کانگریس حکومت نے پراجکٹس کی تعمیر پر کوئی توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ برقی سربراہی کے مسئلہ پر ریونت ریڈی کے ردعمل سے کانگریس کے سینئر قائدین بھی ناراض ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ کے ٹی آر نے ریونت ریڈی سے مطالبہ کیا کہ وہ کسانوں سے معذرت خواہی کریں اور اپنے الفاظ واپس لیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کسانوں کو دی جانے والی مراعات کو دیکھتے ہوئے مہاراشٹرا اور کرناٹک کے علاوہ ٹاملناڈو کے کسان کے سی آر کی تعریف کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برقی سربراہی کے مسئلہ پر ریونت ریڈی حقائق سے لا علم ہیں۔2014 کے بعد کے سی آر حکومت نے اپنے وعدہ پر عمل کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام کانگریس پارٹی کو سبق سکھائیں گے۔ کے ٹی آر نے الزام عائد کیا کہ ریونت ریڈی کانگریس میں آر ایس ایس کے ایجنٹ ہیں اور آر ایس ایس کے ایجنڈہ پر عمل پیرا ہیں۔ ریونت ریڈی آر ایس ایس سے اپنے روابط کے نتیجہ میں نریندر مودی کے خلاف ایک لفظ بھی ادا کرنے سے گریز کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی بھون میں ریونت ریڈی ناتھو رام گوڈسے کی طرح ہیں۔ر