ریونت ریڈی ‘چیف منسٹرسے معذرت خواہی کریں : بالکا سمن

   

حیدرآباد ۔ یکم مارچ (این ایس ایس ) چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ کے خلاف ملکاجگیری کے کانگریس رکن پارلیمنٹ اے ریونت ریڈی کے اشتعال انگیز ریمارکس کی مذمت کرتے ہوئے ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی بالکا سمن نے اتوار کو مطالبہ کیا کہ ریونت ریڈی فی الفور چیف منسٹر سے غیر مشروط معذرت خواہی کریں ۔ سمن نے تلنگانہ بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریونت ریڈی بلیک میلنگ کی سیاست پر اتر آئے ہیں ۔اور یہ اشارہ دے رہے ہیں انہوں نے گوپن پلی اراضیات کے تنازعات میں بدعنوانیوں کا ارتکاب کیا ہے ۔ سمن نے مزید کہا کہ ’’ ریونت ریڈی کو چاہئے کہ وہ اپنی عامیانہ زبان کے لئے معذرت خواہی کرے اور متنازعہ اراضیات جائز و قانونی مالکین کے حوالے کر دیں ‘‘ سمن نے کہا کہ ساری تلنگانہ میں ہر کوئی اچھی جانتا ہے کہ ایا کون اس ریاست میں پورے عزم و عہد کے ساتھ عوام کی خدمت کر رہا ہے ۔ ٹی آر ایس لیڈر یہ بھی کہا کہ کانگریس لیڈر ٹی جیون ریڈی بھی مسلسل کے سی آرحکومت کی مذمت کر رہے ہیں ۔