ریونت ریڈی کا شمس آباد ایرپورٹ پر شاندار استقبال

   

شمس آباد ۔ 13 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی صدر ریونت ریڈی کا امریکہ کے مختصر دورہ کے بعد واپسی پر شمس آباد ایرپورٹ پر شمس آباد کانگریس قائدین نے شاندار استقبال کیا ۔ شمس آباد منڈل صدر شیکھر یادو کی قیادت میں ریونت ریڈی کی شال پوشی کی گئی ۔ شیکھر یادو نے میڈیا کو بتایا کہ ریونت ریڈی کی قیادت میں کانگریس مضبوط بن چکی ہے اور بہت جلد کانگریس اقتدار حاصل کرے گی ۔ بی آر ایس قائدین صرف عوام کو گمراہ کرنے کا کام کررہے ہیں ۔ کے سی آر نے رئیل اسٹیٹ کو اونچائیوں پر لیجانے کی بات کی تھی لیکن آج رئیل اسٹیٹ کاروبار بالکل ٹھپ ہوچکا ہے ۔ جس کا اثر پورے عوام پر پڑ رہا ہے ۔ کئی افراد اپنی جمع پونجی پلاٹس خرید کر اپنی اولاد کے مستقبل کے لیے رکھ چکے تھے لیکن پلاٹس کی خرید و فروخت میں کمی اور رئیل اسٹیٹ کاروبار نہیں کے برابر ہوچکا ہے جس کی وجہ سے عوام پریشان ہیں ۔ حکومت نے بھی عوام کی کمر توڑنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی ۔ مہنگائی پر کنٹرول کرنے میں حکومت ناکام ہوچکی ہے ۔ ترکاری کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ سے عوام فاقہ کشی پر مجبور ہوچکے ہیں ۔ بی آر ایس نے عوام سے کئے وعدوں کو تکمیل کرنے میں ناکام ثابت ہوچکے ہیں ۔ وعدے کرنے میں اول اور عمل کرنے میں صفر بی آر ایس حکومت کا آخری دور چل رہا ہے ۔ عوام بھی حکومت کے جھوٹے وعدوں سے واقف ہوچکے ہیں ۔ آئندہ انتخابات میں عوام ہی انہیں سبق سکھائیں گے ۔ اس موقع پر کانگریس نائب صدر کوٹیشور گوڑ ، جنرل سکریٹری مہیندر ، منڈل میناریٹی سیل صدر محمد فخر الدین ، منڈل سکریٹری احمد علی کے علاوہ دیگر افراد موجود تھے ۔۔