ریونت ریڈی کا مولانا آزاد کو بھرپور خراج عقیدت

   

مولانا کی تصاویر پر مشتمل خصوصی کتب کی اجرائی ، گاندھی بھون میں تقریب شیخ عبداللہ سہیل کا خراج
حیدرآباد ۔ 11 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی نے مجاہد آزادی اور ملک کے پہلے وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کی 133 ویں یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل نے قومی یوم تعلیم کے موقع پر ریونت ریڈی کی قیام گاہ واقع جوبلی ہلز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا ۔ اس موقع پر صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے مولانا آزادی کی تصاویر پر مشتمل ایک خصوصی یادگاری نوٹ بک جاری کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ مولانا آزاد نے تحریک آزادی میں اہم رول ادا کیا اور آزادی کے بعد ملک کی تعمیر کے لیے جو خدمات انجام دی ہیں وہ ناقابل فراموش ہے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ مولانا آزاد نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی اور یونیورسٹی گرانٹس کمیشن جیسے اہم ادارے قائم کرتے ہوئے جدید تعلیم کی بنیاد رکھی ۔ مولانا آزاد کے خیالات ، نظریات سے متاثر ہو کر کانگریس کے زیر قیادت یو پی اے حکومت نے ہر شہری کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے مولانا آزاد کی تعلیمات سے متاثر ہو کر حق تعلیم کا قانون نافذ کیا ۔ جنہوں نے کہا تھا کہ ہر فرد کو حصول تعلیم کا حق ہے ۔ بعد ازاں تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کی جانب سے گاندھی بھون کے احاطے میں موجود اندرا بھون میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا اور 5 ہزار طلبہ میں بکس جبکہ 21 ٹیچرس میں بیسٹ ٹیچر کا ایوارڈ تقسیم کیا گیا ۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ مولانا آزاد نے ملک میں مضبوط تعلیم کی بنیاد رکھی ۔ مولانا کی سیاسی ، تعلیمی بصیرت ناقابل فراموش ہے ۔ ان کی تعلیمی پالیسیوں پر آج بھی عمل ہورہا ہے اور دنیا کا دوسرا کوئی ملک آئی آئی ٹی ایس ۔ یو جی سی اور دیگر قد آور اداروں کا مقابلہ نہیں کرسکتا ۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ مولانا ہر قسم کی فرقہ پرستی کے خلاف تھے اور ہر ایک کو سیکولرازم کے نظریات پر یقین کرنے کی ترغیب دیا کرتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ مولانا آزاد کی تعلیمات موجودہ حالت میں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں ۔ انہوں نے کانگریس کیڈر سے اپیل کی کہ وہ اپنی زندگی اور کیرئیر میں کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو مولانا آزاد کی اصولوں اور نظریات پر عمل کریں ۔ اجلاس سے اے آئی سی سی کے سکریٹری بوس راجو ، پارٹی کے سینئیر قائدین مہیش کمار گوڑ ، مہیشور ریڈی ، ظفر جاوید ، ڈاکٹر روہین ریڈی ، فیروز خاں اور دوسروں نے خطاب کیا ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ریاست کے تمام اضلاع میں یوم تعلیم تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔۔ ن