ریونت ریڈی کا چیف منسٹر کی بجائے رئیل اسٹیٹ بروکر جیساطرز عمل

   

Ferty9 Clinic

راہول گاندھی لیڈر نہیں ’ریڈر‘ ہیں، جنگاؤں میں پارٹی کارکنوں سے کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد۔6 ۔ جنوری (سیاست نیوز ) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے اسمبلی میں غیر پارلیمانی الفاظ کے استعمال کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسمبلی کے وقار کو مجروح کرنے کا چیف منسٹر ریونت ریڈی پر الزام عائد کیا ۔ جنگاؤں میں بی آر ایس کے نو منتخب سرپنچوں کے تہنیتی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ اسمبلی وہ پلیٹ فارم ہے جہاں عوامی مسائل موضوع بحث ہوتے ہیں ۔ قانون سازی ہوتی ہے ۔ فلاحی اسکیمات اور ریاست کی ترقی کی منصوبہ بندی تیار کی جاتی ہے ، مگر چیف منسٹر ریونت ریڈی اپوزیشن سے سیاسی انتقام لے رہے ہیں۔ اسمبلی میں ان کا لب و لہجہ قابل اعتراض ہے جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں ۔ کے ٹی آر نے الزام عائد کیا کہ کانگریس حکومت نے اسمبلی کو سنجیدہ قانون سازی کے بجائے سیاسی تماشہ میں تبدیل کردیا ہے ۔ چیف منسٹر اپنی دو سالہ حکومت کی نکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے اسمبلی میں غیر پارلیمانی ریمارکس کرتے ہوئے اصل موضوعات پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے اسمبلی انتخابات سے قبل 6 ضمانتوں کے ساتھ 420 وعدے کئے، ان دو سالہ دور حکومت میں ریونت ریڈی نے کوئی بھی وعدہ کو پورا نہیں کیا ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا اکہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں کے سی آر کا رول ناقابل فراموش ہے ۔ ا یسے قائد کے خلاف نازیبا ریمارکس کی تلنگانہ کے عوام مذمت کر رہے ہیں ۔ انہوں نے ریاست میں کسانوں کے مسائل پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یوریا کی قلت اور ایپ کی تکنیکی مسائل سے کسان پریشان ہیں۔ عوامی مسائل اور کسانوں کے مسائل کو حل کرنے کے بجائے رئیل اسٹیٹ بروکر کی طرح کام کرنے کا چیف منسٹر پر الزام عائد کیا اور کہا کہ حکومت کی ترجیحات عوامی فلاح کی بجائے اراضیات کے معاملات تک محدود ہوکر رہ گئی ہیں۔ کے ٹی آر نے راہول گاندھی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ راہول گاندھی لیڈر سے زیادہ ’’ریڈر‘‘ ہیں۔ انہوں نے پارٹی کے قائدین اور کارکنوں کو بلدی انتخابات کیلئے تیار ہوجانے کا مشورہ دیا۔2