ریونت ریڈی کا 3 اگست سے دورہ امریکہ

   

بین الاقوامی اداروں کے ساتھ سرمایہ کاری پر بات چیت
حیدرآباد ۔ 19۔ جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے امکانات تلاش کرنے 3 اگست سے اپنا دوسرا بیرونی دورہ کریں گے ۔ چیف منسٹر بننے کے بعد ریونت ریڈی نے لندن کا دورہ کرکے وہاں ترقیاتی پراجکٹس کا معائنہ کیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ ریونت ریڈی اس مرتبہ امریکہ میں بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں سے ملاقات کرکے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے حق میں معاہدہ کریں گے ۔ چیف منسٹر 3 اگست کی رات حیدرآباد سے امریکہ روانہ ہوں گے ۔ ان کے ہمراہ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا، وزیر آئی ٹی سریدھر بابو اور اعلیٰ عہدیداروں کی ٹیم رہے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈیلاس اور دیگر ریاستوں کا دورہ کرکے ملٹی نیشنل کمپنیوں کے چیف اگزیکیٹیو آفیسرس سے ملاقات کریں گے۔ چیف منسٹر ایک ہفتہ امریکہ میں قیام کریں گے۔ امریکہ میں مقیم تلگو عوام نے ریونت ریڈی کے استقبال کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔بتایا جاتاہے کہ مختلف کمپنیوں کو چیف منسٹر کی آمد سے متعلق اطلاع دی جاچکی ہے۔ ریونت ریڈی 11 اگست کو حیدرآباد واپس ہوں گے۔ ابتداء میں امریکہ کے ساتھ جنوبی کوریا کے دورہ کی اطلاعات گشت کر رہی تھیں لیکن چیف منسٹر آفس نے جنوبی کوریا کے پروگرام کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی ہے۔ 1