حضورآباد کے ضمنی انتخابات کا جائزہ لیا جائے گا
حیدرآباد ۔ 31 اگست (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی اسمبلی حلقہ حضورآباد کے ضمنی انتخابات کا جائزہ لینے کیلئے 4 اگست کو ضلع کریم نگر کے کانگریس قائدین کا اجلاس طلب کریں گے۔ آج گاندھی بھون میں تلنگانہ پولیٹکل آفیرس کمیٹی کا اجلاس اے ریونت ریڈی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں اے آئی سی سی تلنگانہ انچارج سکریٹری بوس راجو، کانگریس کے فلور لیڈر بھٹی وکرامارکا، کانگریس انتخابی کمیٹی کے صدر نشین دامودھر راج نرسمہا، تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسڈنٹس گیتا ریڈی، مہیش کمار گوڑ، انجن کمار یادو تشہیری کمیٹی کے کنوینر سید عظمت اللہ حسینی نے شرکت کی۔ اجلاس میں کالیشورم پراجکٹ کے ڈیزائن کے نام پر پراجکٹ کی قیمت میں بے تحاشہ اضافہ کرنے کا جائزہ لیا گیا۔ ریاست میں آئی اے ایس عہدیداروں کی دستوری خلاف ورزیوں پر غور کرتے ہوئے انھیں اپنا رویہ تبدیل کرنے پر زور دیا گیا۔ ریٹائرڈ آئی پی ایس عہدیدار پربھاکر راؤ پر محکمہ انٹلی جنس میں ٹی آر ایس کے ورکر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کا الزام عائد کیا گیا۔ خدمات سے برطرف اسٹاف نرسیس کی خدمات سے دوبارہ استفادہ کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے دلت بندھو اسکیم کے نام پر سیاسی ڈرامہ کرنے اور اپوزیشن پر اسکیم میں رکاوٹیں پیدا کرنے کے الزامات کو ریونت ریڈی نے مسترد کردیا اور ریاست کے 119 اسمبلی حلقوں میں اس اسکیم پر عمل کرنے کا چیف منسٹر سے مطالبہ کیا اور کہا کہ حکومت کے پاس فنڈز کی قلت ہے تو پرگتی بھون اور سکریٹریٹ کی اراضیات کو فروخت کرتے ہوئے ساری ریاست میں اس اسکیم پر عمل کیا جائے ۔
