ریونت ریڈی کو ششی دھر ریڈی کا مکتوب ،چنا ریڈی انسٹی ٹیوٹ برقرار رکھنے کی اپیل

   

حیدرآباد۔/13ڈسمبر، ( سیاست نیوز) سابق وزیر ایم ششی دھر ریڈی نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ڈاکٹر ایم چنا ریڈی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے احاطہ میں آنجہانی چنا ریڈی کا مجسمہ نصب کرنے کی اپیل کی۔ ششی دھر ریڈی نے چیف منسٹر کی ذمہ داری سنبھالنے پر ریونت ریڈی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے سلسلہ میں نیک تمناؤ کا اظہار کیا۔ انہوں نے ڈاکٹر ایم چناریڈی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ کو چیف منسٹر کے کیمپ آفس میں تبدیل کرنے سے متعلق فیصلہ کا حوالہ دیا اور کہا کہ چیف منسٹر کو فیصلہ کا اختیار ہے۔1998 میں اسوقت کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے انسٹی ٹیوٹ کو ڈاکٹر ایم چنا ریڈی سے موسوم کیا تھا جنہوں نے عوام کی طویل خدمت کی ہے وہ مرکز اور ریاست میں اہم عہدوں پر فائز رہے۔ انسٹی ٹیوٹ میں آل انڈیا سرویسس کے 3 ہزار سے زائد عہدیداروں کی ٹریننگ ہوچکی ہے۔ چیف منسٹر کی حیثیت سے آپ انسٹی ٹیوٹ کے صدرنشین ہیں اور ادارہ کو مزید مستحکم کرنا آپ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ادارہ کو برقرار رکھتے ہوئے احاطہ کے ایک حصہ میں انسٹی ٹیوٹ کو برقرار رکھا جائے گا تاکہ اس کی سرگرمیاں جاری رہیں۔