پولیس عہدیداروں کے خلاف بیان دینے کی شکایت
حیدرآباد۔/16 اگسٹ، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی جانب سے پولیس کے خلاف ریمارکس پر اندرون 24 گھنٹے ان کے خلاف 17 مقدمات درج کئے گئے۔ ریونت ریڈی نے گاندھی بھون میں تقریر کرتے ہوئے محبوب نگر کے پولیس عہدیداروں کو انتباہ دیا تھا۔ محبوب نگر، ونپرتی، نارائن پیٹ، گدوال، نلگنڈہ، سنگاریڈی اور وقارآباد میں دو، دو کیسس درج کئے گئے جبکہ ناگر کرنول، کریم نگر اور راچہ کنڈہ میں ایک، ایک کیس درج کیا گیا۔ اضلاع کی پولیس عہدیداروں کی اسوسی ایشنوں کی جانب سے ریونت ریڈی کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ نرمل اور نظام آباد میں بھی ریونت ریڈی کے خلاف شکایت درج کرائی گئی لیکن پولیس نے قانونی رائے حاصل کی ہے۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ محبوب نگر قائدین کی کانگریس میں شمولیت کے وقت ریونت ریڈی نے کہا کہ وہ بعض پولیس عہدیداروں کے نام سرخ ڈائری میں درج کررہے ہیں اور کانگریس برسراقتدار آنے پر ان کا تعاقب کیا جائے گا۔ ریونت ریڈی کی تقریر کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے شکایت درج کرائی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ برسراقتدار بی آر ایس کی ایماء پر پولیس کی تنظیموں نے ریونت ریڈی کے خلاف کئی اضلاع میں بیک وقت شکایت درج کی ہے۔ صدر پردیش کانگریس کمیٹی ریونت ریڈی تلنگانہ کی حکمراں جماعت بی آر ایس کو مسلسل تنقیدوں کا نشانہ بنارہے ہیں۔
