حیدرآباد ۔ 17 ۔ جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کو تلنگانہ ہائی کورٹ سے بڑی راحت ملی ہے۔ گچی باؤلی پولیس اسٹیشن میں ان کے خلاف درج مقدمہ کو ہائی کورٹ نے کالعدم کردیا۔ سوسائٹی کی اراضی پر قبضہ کے الزام کے تحت 2016 میں ریونت ریڈی اور ان کے بھائی کونڈل ریڈی کے علاوہ لکشمیا کے خلاف ایس سی ، ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ریونت ریڈی نے مقدمہ کو کالعدم کرنے کیلئے 2020 میں درخواست دائر کی تھی۔ گزشتہ ماہ ہائی کورٹ میں مقدمہ کی سماعت مکمل ہوئی اور فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔ ہائی کورٹ نے آج اپنا فیصلہ سنایا۔ واقعہ کے وقت ریونت ریڈی وہاں موجود نہیں تھے جس پر ہائی کورٹ نے ان پر عائد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے مقدمہ کالعدم کردیا۔ عدالت نے کہا کہ ریونت ریڈی کے خلاف جو الزامات عائد کئے گئے اس کے حق میں ٹھوس ثبوت پیش نہیں کئے گئے ۔ عدالت نے پولیس کی جانب سے دائر کردہ چارج شیٹ کو نامکمل قرار دیتے ہوئے ریونت ریڈی کو بڑی راحت دی۔1