عوامی ناراضگی دور کرنے متاثرین سے بہادر پورہ میں ملاقات، مکانات کے تحفظ کا تیقن
حیدرآباد۔/23اکٹوبر، ( سیاست نیوز) موسیٰ ندی کی ترقی کے نام پر غریبوں کو بے گھر کرنے سے متعلق خدشات کے درمیان مجلس کے فلور لیڈر اکبر اویسی نے لندن میں چیف منسٹر کے ہمراہ تھیمس ندی کے معائنہ پر عوام کے درمیان وضاحت کی ہے۔ بہادر پورہ اسمبلی حلقہ میں موسی ریور فرنٹ پراجکٹ کے تحت آنے والے علاقوں کے متاثرین سے ملاقات کے بعد اکبر اویسی نے لندن میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کے ہمراہ دورہ پر وضاحت کی۔ چیف منسٹر کے ہمراہ اکبر اویسی کی تصاویر کے سوشیل میڈیا میں وائرل ہونے سے عوام میں ناراضگی دیکھی جارہی تھی اور یہ تاثر پیدا ہورہا تھا کہ اکبر اویسی موسی ریور فرنٹ پراجکٹ کے حق میں ہیں اور غریبوں کو بے گھر کرنے میں حکومت کے ساتھ ہیں۔ ان خدشات کا ازالہ کرتے ہوئے اکبر اویسی نے کہا کہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ لندن میں میں چیف منسٹر کے ساتھ تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کیا منصوبہ رکھتی ہے اس بارے میں سننا اور دیکھنا تو پڑے گا اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم غریبوں کے آشیانوں کو توڑ دیں گے اور غریبوں کو بے گھر کردیں گے ایسا ہرگز نہیں ہوگا آپ مطمئن رہیئے۔ اکبر اویسی نے کہا کہ ہم آپ سے ہیں اور آپ کی دعاؤں، تعاون اور اتحاد کی وجہ سے ہیں۔ آپ کا اور آپ کے مکانات کا تحفظ کرنا، آپ کی زندگیوں میں خوشحالی لانا ہماری ذمہ داری ہے۔ ہم اس ذمہ داری کو بخوبی سمجھتے ہیں اور ضرور نبھائیں گے۔ اکبر اویسی نے عوام کو یقین دلایا کہ وہ بے فکر ہوجائیں ان کے مکانات کو کچھ نہیں ہوگا۔ حکومت آپ کی اجازت اور منظوری کے بغیر کچھ نہیں کرسکتی۔ یہ پہلا موقع ہے جب مجلس نے موسیٰ ندی پراجکٹ کے متاثرین کے حق میں کھل کر بیان دیا ہے اور مکانات کے انہدام کے اندیشوں کو دور کرنے کی کوشش کرتے ہوئے مجلس کے بارے میں عوامی ناراضگی کو کم کرنے کی کوشش کی ہے۔1