ریونت ریڈی کی آج بحیثیت چیف منسٹر حلف برداری کا امکان

   

Ferty9 Clinic

کانگریس نے تشکیل حکومت کا ادعا پیش کردیا
گورنر سے قائدین کی ملاقات ‘ آج مقننہ پارٹی کا اجلاس
حیدرآباد۔/3 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس نے تلنگانہ میں تشکیل حکومت کی تیاریوں کو تیز کرکے گورنر ڈاکٹر سوندرا راجن کو تشکیل حکومت کا دعویٰ پیش کردیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر کرناٹک ڈی کے شیو کمار کی قیادت میں قائدین کے وفد نے گورنر سے ملاقات کی اور تشکیل حکومت کیلئے مدعو کرنے درخواست کے ساتھ مکتوب حوالے کیا۔ گورنر کو بتایا گیا کہ کل 4 ڈسمبر کی صبح کانگریس مقننہ پارٹی اجلاس منعقد ہوگا جس میں سی ایل پی لیڈرکا انتخاب عمل میں آئیگا۔ گورنر کو سی ایل پی لیڈر کے نام سے آگاہ کرکے حلف برداری انتظامات کی درخواست کی جائے گی۔ گورنر سے ملاقات کرنے والوں میں ڈی کے شیو کمار کے علاوہ ریونت ریڈی، جنرل سکریٹری اے آئی سی سی مانک راؤ ٹھاکرے، اتم کمار ریڈی، ڈاکٹر ملوروی، مل ریڈی رنگاریڈی، مہیش کمار گوڑ اور اے آئی سی سی مبصرین شامل تھے۔ تشکیل حکومت کے تحت پہلے چیف منسٹر کے طور پر ریونت ریڈی حلف لیں گے اور 9 ڈسمبر کو مکمل کابینہ کی تشکیل عمل میں آئیگی اور لال بہادر اسٹیڈیم میں حلف برداری تقریب رہے گی۔ گورنر سے ملاقات کے بعد ڈی کے شیو کمار نے میڈیا کو بتایا کہ گورنر کو تشکیل حکومت کا دعویٰ پیش کرنے ملاقات کی گئی ۔ پیر کو صبح 9:30 بجے مقننہ پارٹی اجلاس ہوگا اور نئے لیڈر کے انتخاب کے بعد تشکیل حکومت کا عمل شروع ہوگا۔ کانگریس ہائی کمان نے تشکیل حکومت کیلئے جن مبصرین کا انتخاب کیا ان میں شریمتی دیپا داس منشی، ڈاکٹر اجئے کمار، کے مرلیدھرن اور کے جے جارج شامل ہیں۔ مبصرین بھی گورنر سے ملاقات میںموجود تھے۔ اسی دوران تمام نو منتخب ارکان اسمبلی کو حیدرآباد طلب کرلیا گیا ہے اور انہیں ایک ہوٹل میں رکھا گیا ہے۔ ہائی کمان نے ہدایت دی ہے کہ تشکیل حکومت کا مرحلہ فوری شروع کیا جائے اور چیف منسٹر کے طور پر پہلے ریونت ریڈی حلف لیں چونکہ کانگریس کے پاس تشکیل حکومت کیلئے درکار تعداد سے 5 ارکان اسمبلی زیادہ ہیں لہذا بی آر ایس سے ارکان اسمبلی کو توڑنے کی کوشش کو ناکام بنانے فوری چیف منسٹر کے حلف لینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ توقع ہے کہ گورنر پیر کی شام راج بھون میں ریونت ریڈی کو بحیثیت چیف منسٹر حلف دلائیں گی۔